لاہور(قمر عباس نقوی )پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کے مالی سال 2025-26ءکے بجٹ میں تقریباً 3 ارب 30 کروڑ روپے مختص، نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں نمایاں اضافہ، مجموعی بجٹ کا بڑا حصہ تنخواہوں، پنشن، میڈیکل سہولیات، ٹرانسپورٹ اور یوٹیلیٹی بلز کی مد میں خرچ جبکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے نسبتاً کم فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔پی ایچ اے لاہور کا مالی سال 2025-26ءمیں تقریباً 3 ارب 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے زیادہ تر رقم نان ڈویلپمنٹ اخراجات کیلئے رکھی گئی ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے نسبتاً کم فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ مالیاتی ریکارڈ کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں اور الاو¿نسز کی مد میں تقریباً 18 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ پنشن کی ادائیگیوں کیلئے تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، اسی طرح ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو فراہم کی جانے والی میڈیکل سہولیات پر تقریباً ایک کروڑ 35 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے تھے۔ پی ایچ اے لاہور کی گاڑیوں کیلئے ٹرانسپورٹ اور پٹرول کی مد میں تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھے گئے، اسکے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے جو نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں یوٹیلیٹی بلز بھی اہم حصہ رکھا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق بجلی کے بلوں کی مد میں تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ پانی کے بل کی مد میں تقریباً 75 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اسکے علاوہ دیگر یوٹیلیٹی اخراجات پر بھی تقریباً 55 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں اضافے کے باعث ادارے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے دستیاب وسائل محدود ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر انتظامی اخراجات پر قابو نہ پایا گیا تو آئندہ برسوں میں پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری کے منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں۔ پی ایچ اے لاہور حکام کے مطابق تنخواہوں میں حکومتی اضافہ، پنشن واجبات اور یوٹیلیٹی نرخوں میں اضافے کے باعث نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے اس میں کمی کرنے کی خاطر کچھ اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مالی اضافی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
پی ایچ اے، نئے مالی سال بجٹ کیلئے 3 ارب 30 کروڑ روپے مختص

















