بیوگان ،ماں باپ کی شفقت سے محروم یتیم بچوں کیلئے ”رحمت کا رڈ“،مریم نوا ز نے منظوری دےدی


لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ مریم نوازنے بیوگان اورماں باپ کی شفقت سے محروم بچوں کیلئے ”رحمت کا رڈ“کی منظوری دےدی۔

مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں بیوگان ،یتامیٰ کیلئے پاکستان کی تاریخ کا پہلا”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، صوبائی معاون خصوصی برائے عشر و زکوة راشد نصر نے ”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا ”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“ کے ذریعے ایک لاکھ تک مالی امداد دی جائے گی، پہلے فیز میں 40ہزار سے زائد مستحقین خاندانوں کو دیئے جا ئیں گے، ”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“پراجیکٹ کا آغاز عید کے فوری بعد ہوگا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا ”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“کے ذریعے بیوگان ،یتیم بچوں کو 25،25ہزار ملیں گے، ”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“کیلئے موبائل اپیلی کیشن،ویب پورٹل،کال اورسینٹر آف زکوة آفس سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا پنجاب کے وسائل پرہرفرد کا پورا حق ہے،حقدار تک حق پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“ کے ذریعے بیوہ خواتین کو خود روزگار کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں،پنجاب ایسا صوبہ ہے جہاں ہر فرد کا خیال رکھا جاتا ہے،”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“کے ذریعے بیوہ خواتین ،بچے مالی خود مختاری کےساتھ باوقار زندگی گزار سکیں گے۔