جنگ کے شعلے مزید بھڑک اٹھے،امریکہ کا بحر ہند میں جہاز پر حملہ،80سے زائد ایرانی فوجی شہید

تہران،واشنگٹن،تل ابیب،انقرہ،ابوظہبی،میڈرڈ،ریاض:(مشرق نیوز)جنگ کے شعلے مزید بھڑک اٹھے،ایک دوسرے پر بھرپور وار،ایران کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول،امریکی سب میرین کابحر ہند میں حملہ،اینٹی شپ میزائل و جدید ہتھیاروں سے لیس ایران کا جنگی جہاز ڈوب گیا،80سے زائد فوجی شہید،اڈے دینے سے انکار پر ٹرمپ نے سپین کو بھی دھمکی دےدی،ایران کامذاکرات سے پھر انکار،اسرائیل نے خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنانے کی دھمکی دےدی۔

امریکی ،اسرائیلی حملے کے بعد تہران کے جوابی حملوں میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی شدت اختیار کر گئی، ایرانی فوج نے بحرین میں امریکی بحریہ کے ہیڈکوارڑ اور فوجی اڈوں پر160 امریکیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کردیا،ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی و امریکی حملوں میں شہدا کی تعداد 1000 سے متجاوز کر گئی،بچے بھی شامل ہیں۔

پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 16ویں لہر شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا اسرائیل کی جانب بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغے گئے ،ہدف مخصوص عسکری وسٹرٹیجک مقامات ہیں،میزائل حملوں کےساتھ بڑی تعداد میں ڈرونز بھی اسرائیل پر برسائے، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ،وارننگزکو نظرانداز کرنےوالے 10سے زائدآئل ٹینکرزکو نشانہ بنایا۔

ایرانی رہبر اعلیٰ کے قریبی ساتھی اور سینئر عہدیدار نے واضح کیا کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،جنگ جاری رہے گی،امریکیوں پر ذرا برابر بھی اعتماد نہیں،اپنی دفاعی صلاحیتوں پر بھروسہ جب تک ضرورت پڑی یا دشمن نے چاہا، جنگ جاری رکھنے کی مکمل طاقت رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا امریکہ نے جوہری مذاکرات کو رئیل سٹیٹ کی طرح ڈیل کیا،بڑے جھوٹوں نے حقائق کو دھندلا دیا، جھوٹ حقائق پر حاوی ہو جائے تو نتائج اچھے برآمد نہیں ہوں گے، ٹرمپ نے اپنے شہریوں ،سفارتکاری کو دھوکہ دیا، امریکی صدر نے مذاکرات کی میز پر بمباری کی، نتیجتاً مذاکراتی میز کو عداوت کی وجہ سے بمباری کا نشانہ بنایا گیا، غیر حقیقت پسندانہ توقعات کبھی پوری نہیں ہو سکتیں۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیاایران کی آبدوزیں ،17 بحری جہاز تباہ کر دئیے گئے ،خلیج عرب، ہرمز اور خلیج عمان میں کوئی ایرانی بحری جہاز موجود نہیں،وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے دعویٰ کیا امریکی سب میرین نے بحر ہند میں ایرانی جنگی جہاز کو ٹارپیڈو حملے سے ڈبو دیا ،ایرانی بحریہ اب خلیج فارس کی گہرائیوں میں پڑی ہے، حملے میں 80سے زائد ایرانی فوجی شہید ہوگئے،امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ایرانی بحری جہاز پر تارپیڈو ٹکرانے سے زوردار دھماکہ ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا جہاز آئی آر آئی ایس دینا ایران کی بحریہ کے 86ویں بیڑے کا حصہ تھا،اینٹی شپ میزائلوں سے لیس بحری جہاز کی لمبائی تقریباً 95 میٹر اور وزن 1500 ٹن،76 ایم ایم فجر 27 نیول گن اور 30 ایم ایم ہتھیار نصب تھے۔

مزید برآں بریفنگ دیتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے کہا امریکہ ایران میں جیت رہا ہے ، مزید افواج مشرق وسطیٰ پہنچ رہی ہیں، ایک ہفتے کے اندر ایران کی فضاو¿ں پر مکمل کنٹرول ہوگا،تہران گرنے کے قریب ہے،صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی،ایران میں سکول پر ہونےوالی بمباری کی تحقیقات کررہے ہیں،ایران کا دوبارہ مذاکرات یا ایٹمی معاہدے کا کوئی ارادہ نہیں۔

چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے کہا ایران کے جنوبی ساحل پر فضائی کنٹرول حاصل اب ایران کی اندرونی حدود کی جانب بڑھ رہے ہیں، تہران کی جانب سے میزائل ،ڈرونز فائر کرنے میں کمی آئی ،امریکہ کے پاس ہتھیاروں کا ذخیرہ جنگ کیلئے کافی ہے، نقصانات کا جائزہ لینے میں مزید وقت لگے گا،اتحادی اپنا بھرپور دفاع کررہے ہیں، ابھی جنگ کی شروعات ،پلڑا بھاری ، آپریشن پیچیدہ و خطرناک ہے، جلد ختم نہیں ہوگا اب بھی بہت زیادہ خطرات موجود ہیں، ایران کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو شدید دھچکا لگا ، ترکیہ پر میزائل داغنے سے نیٹو آرٹیکل فائیو لاگو کرے گا یا نہیں معلوم نہیں

علاوہ ازیں سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے امریکہ کو ایران پر حملوں کیلئے مشترکہ فوجی اڈے فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہاغیر قانونی و یکطرفہ حملوں میں شامل نہیں ہوں گے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری ضروری ، سپین اپنی خودمختاری و بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو ترجیح دیتا ہے، مسلح کارروائیوں کی بجائے بات چیت ہونی چاہیے۔

ہسپانوی وزیر اعظم کے بیان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے سپین سے تجارتی تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی دےدی،اپنے ایک اور بیان میںصدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا اگر ایران ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرتا ہے تو پرواہ نہیں، ایران کے ٹورنامنٹ کھیلنے کی مجھے واقعی پرواہ نہیں۔

ادھر اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا خامنہ ای کے کسی بھی جانشین کو نشانہ بنانے کےلئے وزیراعظم اور میں نے فوج کوتیار رہنے کی ہدایت کردی ،امریکی شراکت داروں کےساتھ ملکر ایرانی حکومت کےخلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب ترکیہ نے کہا ایرانی بیلسٹک میزائل کو ملکی حدود میں داخل ہونے سے پہلے مار گرایا ،میزائل کا ملبہ بحیرہ روم کے قریب ترک قصبے میں گرا،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،ترکیہ اپنی سرزمین اور شہریوں کی سلامتی یقینی بنائے گا،کسی بھی حملے کا جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور بیلسٹک میزائل حملے پر احتجاج ریکارڈ کرایا ،وزیر خارجہ نے کہا تنازع کو پھیلانے کے اقدامات سے گریز کیا جائے۔

اماراتی وزارت دفاع نے کہا فضائی دفاع نے 3 بلیسٹک میزائلوں کو کامیابی سے فضا میں تباہ کر دیا، فضائی دفاع نے121 ڈرون طیاروں کو تباہ کیا، 8 ڈرون طیارے ریاست کے علاقے میں گرے،ایرانی حملوں کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، تعلق پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال سے ہے،حملوں میں متعدد شہری تنصیبات کو معمولی سے درمیانی درجے کا مالی نقصان پہنچا۔