اسلام آباد:(بیورورپورٹ) اپوزیشن اتحاد نے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر بورڈ آف پیس سے علیحدہ ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا اسرائیل ،امریکہ نے پوری دنیا اور خطے کو خطرے میں ڈال دیا،جنیوا میں بات چیت کا تیسرا مرحلہ چل رہا تھا مگر 2 ایٹمی طاقتوں نے حملہ کردیا، امریکہ ہزاروں کلومیٹر دور سے آیا، فورسز کی اتنی بڑی موبلائزیشن ورلڈ واڑ ٹو کے بعد نہیں دیکھی ۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا امریکی صدر جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی کہاوت کو لےکر آگے چل رہے ہیں، اسرائیل سے خطے کے دوسرے ممالک بھی نفرت کرتے ہیں، نیتن یاہو کو قاتل قرار دیا گیا ، خدانخواستہ اگر ایران کو کچھ ہو جاتا ہے تو پھر پاکستان کی بھی خیر نہیں پورا خطہ ٹوٹ جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کسی کو حق نہیں ایران کی زمینی، بحری اور فضائی حدود میں داخل ہو، اسرائیل ،امریکہ کے اقدامات سے پاکستان سالمیت اور پوری مسلم امت کو خطرہ ہے،عمل کسی بھی طرح قابل قبول نہیں،مسلم امہ کو حق ہے امریکہ ،اسرائیل پر حملہ کرے،جنگ کے اثرات صدیوں رہیں گے، امریکہ ،اسرائیل کو یقینا شکست ہو گی،عوام کا دل بہت بڑا ہے، آپ عوام کے پاس آجائیں اور طاقت لیں۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کوئی سمجھتا ہے سازش ایران کی سرحدوں تک رک جائے گی تو احمقوں کی جنت میں رہتا ، امریکہ ، اسرائیل ایران میں رجیم چینج کرنا چاہتا ہے،بورڈ آف پیس کہاں کھڑا ہے؟ ،حکومت کو ایران کےساتھ یکجہتی کرتے ہوئے بورڈ آف پیس سے الگ ہو جانا چاہیے۔
اپوزیشن رہنما نے کہا اپنے اختلافات بھلا کر ایک ہونے کی ضرورت ہے، اختلافات اتنے بڑے ہیں بھی نہیں، ایران پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور کوئی شبہ نہیں اسرائیل ،امریکہ کا اگلا ہدف پاکستان ہوگا، پاکستان کو بچانے کےلئے اپوزیشن اور عوام کے احساسات کو مد نظر رکھا جائے۔
حکومت بورڈ آف پیس سے الگ ہوکر ایران کےساتھ یکجہتی کرے، اپوزیشن اتحاد

















