حملے خودمختاری کی خلاف ورزی، جواب کا حق رکھتے ہیں،سعودیہ ، بحرین، امارات

ریاض، ابوظہبی، منامہ، ماسکو، بیجنگ، کوالالمپور: (بیورو رپورٹ) سعودی عرب، بحرین، امارات نے کہا ہے ایران کے حملے خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی، جواب کا حق رکھتے ہیں۔

اپنے بیان میں سعودی وزارت خارجہ نے ایران کے حملوں کوناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ نشانہ بننے والے ممالک کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،سعودی عرب مشکل حالات میں خلیجی ممالک کےساتھ کھڑا ہے۔

دریں اثنا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی موجودہ صورتحال اور کئی برادر ممالک کی سرزمین کو نشانہ بنانے والے ایران کے حملوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،شہزادہ محمد بن سلمان نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات، قطر کےساتھ مکمل یکجہتی ،حمایت کا اعلان کیا،قطر ،سعودی عرب نے کشیدگی کے فوری خاتمے، مذاکرات کی میز پر واپسی کی ضرورت پر زور دیا،سعودی عرب نے واضح کیا بردار ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کےلئے اٹھائے جانےوالے تمام اقدامات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہےں۔

ادھر بحرین نے کہا ایرانی حملوں میں سلطنت کے اندراہم مقامات وتنصیبات کونقصان پہنچا، سکیورٹی اداروں نے ہنگامی منصوبوں پرعمل درآمد شروع کردیا، حملے بزدلانہ کارروائی کی سخت مذمت کرتے ،ہرضروری اقدام اور مناسب جواب دینے کا پورا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہاایرانی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے جارحانہ حملے کا سامنا کرنا پڑا۔ اماراتی فضائی دفاعی نظام نے متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کردیا۔ ابوظہبی کے رہائشی علاقے میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے کچھ مالی نقصان ہوا اور پاکستان شہری جاں بحق ہوگیا۔ ملک کی سکیورٹی صورتحال مکمل طور پر قابو ،متعلقہ ادارے 24 گھنٹے حالات کی نگرانی کررہے ہیں۔ ایران کاحملہ قومی خودمختاری ،بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ شہریوں، غیر ملکیوں اور سیاحوں کی حفاظت ترجیح ،عوام صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں، افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں سے گریز کیا جائے۔

دوسری جانب چین، روس، ملائیشیا و دیگر ممالک نے ثالثی کی پیشکش کردی،چین نے کہاایران کی خودمختاری کا احترام، فوری جنگ بندی اور کشیدگی روکی جائے، مذاکرات کی بحالی ناگزیر ہے، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔

روس نے ایران پر امریکہ، اسرائیل کے حملوں کو بین الاقوامی قانون ،ضوابط کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہاجارحیت دانستہ، باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی،آزاد ریاست پر حملہ بین الااقوامی قانون کے بنیادی اصولوں ،ضوابط کی خلاف ورزی ہے، حملے ایک بار پھر مذاکراتی عمل کی آڑ میں کیے گئے، بین الاقوامی برادری، بشمول اقوام متحدہ قیادت اور آئی اے ای اے فوری طور پر غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا معروضی و غیرجانب دارانہ جائزہ پیش کرے۔

اپنے اعلامیے میں روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن ،تل ابیب ایک بار پھر خطرناک راستے پر گامزن ہو گئے ،اقدام خطے کو انسانی، معاشی و ممکنہ طور پر تابکاری آفت کی طرف تیزی سے دھکیل رہا ہے،آئی اے ای اے کی نگرانی میں چلنے والی جوہری تنصیبات پر بم باری ناقابل قبول ہے، فوری طور پر سیاسی و سفارتی راستے پر واپس آیاجائے،روس ہمیشہ کی طرح بین الاقوامی قانون، باہمی احترام اور مفادات کے متوازن خیال پر مبنی پرامن حل کے فروغ میں مدد کےلئے تیار ہے۔

انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے مذاکرات کی ناکامی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں فوجی کشیدگی بڑھ گئی، تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ، بات چیت اور سفارتکاری کو ترجیح دیں،کسی بھی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام انتہائی ضروری ہے، اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہئے، کشیدگی میں کمی لانے کیلئے ثالثی کرانے کو تیار ہیں۔