کسانوں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوا ل ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ کسانوں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ذاتی دلچسپی سے کسانوں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی کیلئے ایک بڑے منصوبے پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس کے تحت 6ار ب 17کروڑ روپے کی خطیر رقم سے صوبے بھر کے 9100کسانوں کو جدید زرعی مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات زرعی شعبے میں مشینی استعمال کے فروغ کے منصوبے کی بریفنگ میں کہی جس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ ہمایوں حنیف،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ رائے شفقت بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ ہمایوں حنیف نے بتایا کہ عام استعمال کی 16زرعی مشینوں پر 5لاکھ اورکسانوں میں 12 نئی مشینیں پروموٹ کرنے کیلئے 10لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں گروپ I میں 507کسانوں اور گروپ II میں 109کسانوں کو مشینری فراہم ہو رہی ہے جس پر بالترتیب 25 کروڑ 35 لاکھ اور 10 کروڑ 90 لاکھ روپے سبسڈی دی جائیگی جس میں حکومت کا حصہ 60فیصد ہو گا۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اپنے دفتر میں ڈویژنل پبلک سکول ساہیوال میں کیمبرج کیمپس کے تعمیراتی کام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پرنسپل ڈی پی ایس محمد اکبر اور وائس پرنسپل راوی کیمپس میمونہ ایزد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پرنسپل نے کیمبرج بلاک کی تعمیراتی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے زیراستعمال تعمیراتی میٹریل، رینوویشن کے کام اور معیار کو یقینی بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ کیمبرج بلاک کی تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے اور بچوں کی تعلیم کا باقاعدہ آغاز بروقت ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے معیارِ تعمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور کام کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی بھی تاکید کی۔اس موقع پر پرنسپل ڈی پی ایس محمد اکبر نے سکول کی مجموعی کارکردگی، تدریسی معیار اور اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔