لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات متنازعہ ہو گئے ، ہنگامہ آرائی کے دوران نتائج کا اعلان کر دیا گیا،انڈیپنڈنٹ گروپ نے انتخابی نتائج مسترد کر دئیے۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کےلئے پولنگ گزشتہ روز ہوئی جس میں وکلاءکی کثیر تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات اس وقت تنازعہ کا شکار ہو گئے جب بدنظمی کے دوران الیکشن بورڈ نے نتائج کا اعلان کر دیا جس کی وجہ سے ہنگامہ آرائی شدت اختیار کر گئی ۔الیکشن بورڈ نے پروفیشنل گروپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدواربابر مرتضیٰ خان کو کامیاب قرار دیا تاہم انڈیپنڈنٹ گروپ نے نتائج کو مسترد کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ بار میں کشیدہ صورتحال کے باعث پولنگ مقررہ وقت سے پہلے شام چار بجے ہی روک دی گئی تھی۔ متعدد امیدواروں اور وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ووٹنگ کا عمل مکمل اور شفاف نہیں تھا اسلئے نتائج کا اعلان متنازعہ ہے۔نتائج کے اعلان کے فورا بعد پروفیشنل گروپ کے وکلا ءنے بابر مرتضیٰ خان کو کندھوں پر اٹھا کر جشن منانا شروع کر دیا جبکہ مخالف گروپ کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی جس سے ماحول انتہائی کشیدہ رہا ۔نائب صدر، سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کی نشستوں کے کامیاب امیدواروں کا اعلان نہیں کیا جا سکا جس کے باعث انتخاب میں حصہ لینے والے دیگر امیدوار غیر یقینی صورتحال کا شکار نظر آئے ۔ہنگامہ آرائی کے دوران دونوں گروپوں کے وکلاءآمنے سامنے آکر ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے جس سے بار کا ماحول کشیدہ رہا۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں صدر کے امیدوار راجہ عامر نے کہا ہے کہ وکلاءبرادری نے مجھے لاہور ہائیکورٹ بار کا نیا صدر قرار دے کر صدر کے دفتر میں بٹھا دیا ہے،میں پیر کے روز لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر کی حیثیت سے کام شروع کروں گا اور اپنی پہلی پریس کانفرنس بھی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار میں حامد خان گروپ نے جعلی ووٹ پکڑے جانے پر اپنی واضح شکست دیکھ کر تین بجے ووٹنگ رکوا دی اور سوا تین بجے جعلی الیکشن رزلٹ کا اعلان کر دیا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ جعلی ووٹوں کا فرانزک کیا جائے گا جس پر حامد خان گروپ الیکشن ریکارڈ اٹھا کر لے گئے۔ حامد خان گروپ نے پولنگ کا وقت ختم ہونے سے دو گھنٹے قبل انتہائی بھونڈے طریقے سے الیکشن کے جعلی نتیجے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ حامد خان گروپ انتخابات میں استعمال ہونے والے کمپیوٹر، آئی ٹی کا ریکارڈ اور سروراور ریکارڈ اٹھا کر لے گئے، الیکشن کا ریکارڈ اور لاہور ہائیکورٹ کے اثاثے اٹھانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی، دو مارچ بروز پیر کو دس بجے صبح لاہور ہائیکورٹ کے کراچی ہال میں ہمارے گروپ کی فتح کا کا جشن منایا جائے گا، تمام وکلاءپیر کو دس بجے لاہور ہائیکورٹ کے کراچی ہال میں تشریف لائیں ۔
ہائیکورٹ بار انتخابات، پروفیشنل گروپ کے بابر کامیاب، انڈیپنڈنٹ نے نتائج مسترد کردئیے

















