ایران جوہری افزودگی کم کرنے پر آمادہ، مسودہ امریکہ کے سپرد، معاہدہ ممکن ہے،مشیر سپریم لیڈر
تہران،واشنگٹن،تل ابیب،بیجنگ:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ایران جوہری افزودگی کم کرنے پر آمادہ، معاہدے کا مسودہ امریکہ کے سپرد کردیا۔
عرب سفارتکار کے مطابق ایران جوہری افزودگی60 سے3.6 فیصد تک لے آئےگا،مستقبل میں جوہری افزودگی7سال معطل رکھنے کی پیشکش بھی کردی۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے سپریم لیڈر نے ایٹمی ہتھیار بنانے کو ممنوع قرار دےدیا ، کوئی مذہبی رہنما کسی چیز کو ممنوع قرار دیتا ہے تو وہ موقف مصلحت پر نہیں بلکہ خالصتاً اعتقادی و فقہی بنیادوں پر ہوتا ہے، مذہبی رہنما اپنے عقیدے و شرعی حکم کےخلاف بات نہیں کر سکتا،مذاکرات سے اچھے نتائج کی توقع ہے ،سپریم کمانڈر (رہبر اعلیٰ) کی رہنمائی میں عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے کہا ایران ،امریکہ میں فوری معاہدہ ممکن ہے، جوہری ہتھیار نہ بنانے پر بات ہو تو معاہدہ ہوسکتا ہے،ملکی دفاعی پالیسی جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دیتی، عباس عراقچی کو معاہدہ کرنے کا مکمل اختیار حاصل ، جنیوا مذاکرات فیصلہ کن ہوسکتے ہیں۔
ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا بھارتی وزیراعظم کا دورہ اسرائیل افسوسناک ، ایران انسانی حقوق کےخلاف پالیسیوں و اقدامات کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل کی کارروائیوں نے پورے علاقے کو تباہی سے دوچار کر دیا، نئی دہلی مشرق وسطیٰ میں تشدد کے خاتمے کیلئے مثبت سفارتی کوششیں کرے، ایران بھارت سے فلسطینیوں کی حمایت کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ایران کی صورتحال پر گہری نظر ،جائز حقوق، قومی مفادات اور استحکام کے تحفظ میں ایرانی حکومت ، عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں،چین ہمیشہ سے سیاسی و سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کا حامی ،عالمی معاملات میں دھمکیوں یا طاقت کے استعمال کی سختی سے مخالفت کرتا ہے،تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ ،تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کریں،ذمہ دار ملک ہونے کی حیثیت سے تعمیری کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہیں۔
















