سرکاری اداروں میں سرسبز ماحول کا فروغ وقت کی ضرورت ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے ضلعی دفاتر کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران سپورٹنگ آفیسر نے دفتر کے انتظامی امور، جاری کارروائیوں، انسپکشنز، فیلڈ آپریشنز اور اب تک حاصل کئے گئے اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پیرا کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور عملے سے کارکردگی، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے جاری کیسز، موصول ہونے والی شکایات اور ان کے ازالے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نیک نیتی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کو بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے دفتر کے داخلی راستے کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے دفتر میں موجود سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے دفتر کے لان میں پودے لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری اداروں میں سرسبز ماحول کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تمام ادارے اپنی کارکردگی مزید موثر، شفاف اور عوام دوست بنائیں۔علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ساہیوال کا تفصیلی دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران کمشنر نے ادارے کی عمارت اور بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کاجائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں کے بیڈ رومز، پلے ایریا، کلاس رومز، میس، کچن، لانڈری اور سٹور رومز کا تفصیلی معائنہ کیا اور صفائی، نظم و ضبط اور حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو عدنان لقمان نے ادارے کے انتظامی امور، بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور بحالی کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ایڈمن بلاک کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے بچوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کیلئے سپورٹس سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے باقاعدہ گیمز کا انعقاد کیا جائے۔ مزید برآں چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں لائبریری کے قیام کے حوالے سے بھی احکامات جاری کئے تاکہ بچوں میں مطالعہ کا شوق پیدا ہو۔کلاس روم کے دورے کے دوران ایک بچے کی بہترین ہینڈ رائٹنگ اور ذہانت کا مظاہرہ دیکھ کر کمشنرڈاکٹر آصف طفیل نے اسے انعام بھی دیا اور دیگر بچوں کو بھی محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ بے سہارا اور ضرورت مند بچوں کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کیا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔