ماڈل مدرسہ ”جامعہ ہجویریہ “ دربار میاں میر سے ملحق کمپلیکس میں منتقل
لاہور(قاضی ندیم اقبال)حکومت پنجاب کے واحد ماڈل مدرسہ ”جامعہ ہجویریہ “ کو عارضی بنیادوں پر دربار حضرت میاں میر سے ملحقہ کمپلیکس میں شفٹ کر دیا گیا۔شفٹنگ کا عمل داتا دربار توسیعی منصوبہ کے پیش نظر عمل میں لایا گیا۔ داتا دربار کمپلیکس تو سیعی پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد جامعہ ہجویریہ کو از سر نو مرکز معارف اولیاءمیں فنکشنل کیا جائے گا۔سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی پیشگی اجازت کے بعد سید اسرار شاہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تبلیغ و تربیت نے نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کی روشنی میں شفٹنگ کی گئی۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے واحد مدرسہ جامعہ ہجویریہ کا قیام 1982میں عمل میں آیا اور ابتدائی طور پر اسے بریڈ لاءہال ریٹی گن روڈ پرفنکشنل کیا گیا۔17سال بعد 1999 میںمحکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے جامعہ ہجویریہ کو اس وقت کے پرنسپل قاری محمد بدر الزمان کی درخواست پر داتا دربار کمپلیکس شفٹ کر دیا۔ جبکہ 2002میں اس کی تشکیل نو کی گئی۔ذرائع کے مطابق میں جامعہ ہجویریہ میں زیر تعلیم طلباءکی تعداد 512 ہے جن میں سے 165 طلباءمستقل بنیادوں پر یہیں زیر تعلیم ہیںجبکہ اساتذہ کی تعداد 20 ہے۔ درجہ اولی میں 30، درجہ ثانیہ میں 50، درجہ ثالثہ میں 39، درجہ رابعہ میں 46، درجہ خامسہ میں 43، درجہ سابعہ میں 36، درجہ سادسہ میں 43 ، درجہ دورہ الحدیث میں128،تخصص فی الفقہ(سال اول) میں 32، تخصص فی الفقہ(سال دوم) میں 20 اور شعبہ حفظ میں 45طلباءزیر تعلیم ہیں۔ داتا دربار توسیعی منصوبہ کے پیش نظر جامعہ ہجویریہ کومشروط بنیادوں پر دربار حضرت میاں میرسے ملحقہ کمپلیکس میں شفٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق احکامات میں قرار دیا گیا ہے کہ جامعہ ہجویریہ میں جاری حفظ القرآن کی کلاسز کا اہتمام جامعمسجد حضرت داتا گنج بخش میں کیا جائیگا۔تخصص فی الفقہ ، نہم اور دہم کی کلاسزکا اہتمام جامع مسجد دربار حضرت میاں میر میں کیا جائے اوراقامتی طلبہ کیلئے تا حکم ثانی رہائش کا اہتمام دربار حضرت میاں میر سے ملحقہ کمپلیکس میں کیا جائے۔مقیم طلباءکے طعام کا انتظام حسب سابق مخیر حضرات کے تعاون سے عمل میں لایا جائے اور اس کی ذمہ داری ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا دربار پر ہو گی۔ داخلہ شوال المکرم1447ھ/2026 کی معلومات اور فارمز و پراسپیکٹس کے اجراءکیلئے پرنسپل جامعہ ہجویریہ عارضی دفتر(مختص کردہ کمرہ ) داتا دربار کمپلیکس میں منتقل کیا جائے۔ تاہم درس و تدریس کیلئے دفتر جامعہ ہجویریہ اور ایگزیکٹو آفیسر معارف اولیاءکمپلیکس دربار حضرت میاں میر لاہور منتقل کئے جائیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ احکامات کی کاپی ایڈمنسٹریٹر داتا دربار، ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور زون(ایسٹ)، پرائیویٹ سیکرٹری برائے سیکرٹری اوقاف، ایگزیکٹو آفیسر مرکز معارف اولیاءداتا دربار ، پرنسپل جامعہ ہجویریہ داتا دربار اور منیجر اوقاف سرکل 5 لاہور کی ارسال کی گئی ہے۔
















