سانحہ گل پلازہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سندھ میں مقبولیت بڑھ گئی

کراچی (بیورو چیف سید فرمان علی) پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سندھ میں مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔ کراچی کے معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ کے سانحہ کے بعد ”مشرق“ نے ایک سروے رپورٹ تیار کی ہے جس میں تاجروں سیاسی جماعتوں کے رہنماوں مختلف مکتبہ فکر کے علماءکرام اور گل پلازہ پر موجود لوگوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کر کے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے جس میں ایم کیو ایم کا بھی بہت بڑا کردار ہے۔ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت جو رقم فراہم کرتی ہے وہ کرپشن کی نذر ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے عوام تمام سہولیات سے محروم ہیں۔ شہر کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں شاپنگ سینٹروں میں حفاظتی اقدامات نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے جبکہ پنجاب ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صوبے کو ترقی دینے کیلئے اپنی گرفت کو مضبوط رکھا ہوا ہے، وہاں ملنے والے فنڈز کو جائز طور پر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ سندھ میں 80 فیصد فنڈ ہڑپ کر لئے جاتے ہیں۔ اس وقت پنجاب میں عوام کو جو سہولیات میسر ہیں وہ سندھ کے عوام کو کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ بے اختیار جبکہ پنجاب کی وزیراعلیٰ بااختیار ہیں۔ بعض لوگوں نے اس موقع پر فیلڈ مارشل سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں جو آگ جل رہی ہے اسکو بجھانے کیلئے گورنر راج ضروری ہو گیا ہے۔