وزیراعلیٰ پنجاب کے اربوں کے فنڈز بھی بیکار، راوی زون میں شہری گندہ اور زنگ آلود پانی پینے پر مجبور، بیماریوں کا خدشہ

لاہور (قمر عباس نقوی/تصاویر: شاہنواز )وزیر اعلیٰ پنجاب کا شہریوں کو نکاسی اور فراہمی آب پر اربوں روپے کے فنڈز کے باوجود راوی زون اندرون علاقہ کے شہری گندے اور زنگ آلود پانی پینے پر مجبور ،زون انتظامیہ کا 8سال سے عوامی کمپلین پرریلیف فراہم کرنے کی بجائے ٹال مٹول کی منصوبہ بندی اختیار جبکہ عوامی ریلیف کا بگل بجا دیا گیا ہے ۔واسا رزوی زون انتظامیہ کی جانب سے ایل ڈی پی پر کام مکمل کرنے کادعویٰ دیکھنے میں آرہا ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کا اربوں روپے فنڈز کے اثرات عوام تک عملی طور پر دکھائی نہیں دے رہے۔ حکومتی ویژن کے مطابق شہریوں کو نکاسی اور فراہمی آب کی سہولیات اندرون موچی کھجور والی سٹریٹ میں 100سال بوسیدہ واٹر سپلائی اور سیوریج لائن کو تاحال تبدیل نہ کیا گیا جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو زنگ آلود اور بد بودار گندا پانی پینے پر مجبور کر دیا گیا ہے جبکہ واسا انتظامیہ لاہور کی جانب سے ایل ڈی پی کے حوالے سے پہلا فیز مکمل کرنے کے بعد فیز ٹو پر بھی 55فیصد کام مکمل کا دعویٰ کیا جا رہا ہے لیکن فیز 1میں راوی زون شامل تھا جس پر کام مکمل کرنے کا بغل بجھادیا گیا تھا جبکہ اندرون شہر اور دیگر علاقہ جات میں نکاسی اور فراہمی آب کے مسائل جوں کے توں دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر راوی زون کو مزید اضافی ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئی ہیں جس میں شہر بھر کے ترقیاتی منصوبہ جات کی نگرانی شامل ہے۔ شہری خواجہ جمیل کا کہنا ہے کہ واسا لاہور راوی زون کے ڈائریکٹر عثمان بابر کو بھی شکایت کی اس کے علاوہ سٹی سب ڈویژن کے ایس ڈی او غلام مصطفی کو سال 2018سے زبانی اور تحریری شکایت بھی کی جارہی ہیں جس میں ان کو تحریری طور پر کھجور والی سٹریٹ جو کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا حلقہ ہے اس میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ شہری اسد خان ،اسحاق احمد ،منور محمود ،ارسلان شریف اور دیگر نے کہا کہ ایم ڈی واسا لاہور وزیر اعلی پنجاب کے ویژن پر دن رات کام کرتے فیلڈ میں دکھائی دیتے ہیں جبکہ دیگر افسران جیسا کہ ڈائریکٹر راوی زون اور ایس ڈی او سٹی سب ڈویژن کاغذی رپورٹس اور تشہیری مہم میں ہی دکھائی دے رہے ہیں ہمارے علم میں آیا ہے کہ ڈائریکٹر راوی زون کو اس کے علاوہ ڈی ایم ڈی اور دیگر زون کے ایل ڈی پی کا نگران بھی مقرر کیا گیا ہے جو کہ راوی زون کی عوام کیلئے نکاسی اور فراہمی آب کے مسائل میں اضافہ کے باعث بن رہا ہے حمزہ شہباز شریف کے حلقہ کی عوام کو اگر ایل ڈی پی سے استفادہ نہیں ہو رہا تو باقی زونز کا کیا حال ہو گا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری سٹریٹ کی واسا پانی کی پائپ لائن سو سال سے عرصے سے زائد پرانی اور خستہ حال ہے جو کہ اپنی معیاد پوری کر چکی ہے۔ پانی کی پائپ لائن سیوریج کے ساتھ شامل ہو کر بیماری پھیلانے کا سبب بن رہی ہے اور پانی زنگ آلود آنے سے گھروں کا کوئی کام نہیں ہو سکتا سٹریٹ کہ کتنے رہائشی پیٹ کہ مختلف امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ SDO غلام مصطفی ہماری کھجور سٹریٹ کا سروے بھی کروا چکے ہیں اور واسا کے ادارے کی جانب سے منظوری بھی ہو گئی ہے پر اس کہ باوجود کتنا عرصہ گزارنے کہ بعد بھی ہمارا اہل علاقہ کا جائز اور بنیادی حقوق کا مطالبہ حل نہیں ہوا، سٹریٹ کی تمام پانی کی پائپ لائن نئی ڈالی جائے ۔

لاہور (اپنے نمائندے سے) اس بارے میں واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ اندرون شہر کی پانچ سال قبل واٹر سپلائی اور سیوریج لائنز کچھ علاقوں میں تبدیل کی گئی تھیں اور جن علاقوں میں پرانی لائنیں ہیں آئندہ کچھ عرصہ میں انہیں بھی تبدیل کردیا جائیگا اور عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔