ایران جل اٹھا،217ہلاک،پاکستان نے شہریوں کو تہران کاسفر کرنے سے روکدیا


تہران،اسلام آباد،واشنگٹن،انقرہ:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ایران جل اٹھا،احتجاج بے قابو،جھڑپیں،217افراد ہلاک،مشہد میں معروف دانشور ڈاکٹر فرج شوشتری قتل،ملک بھر میں بلیک آﺅٹ،انٹرنیٹ ،موبائل سروس معطل ،شہریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ،غیر ملکی ایئرلائنز کی پر وازیں منسوخ ،پاکستان نے شہریوں کو تہران کاسفر کرنے سے روک دیا۔

امریکی جریدے ٹائم میگزین کے مطابق ایران میں مہنگائی کےخلاف پرتشدد مظاہرے بے قابو ہو گئے، کئی شہروں میں توڑ پھوڑ ،جلاﺅ گھیراﺅ کیاگیا،مختلف شہروں میں مظاہرین ،سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں،مظاہرین نے 26 بینکوں، 25مساجد، 2 ہسپتالوں ، 48 فائر ٹرکوں کو نقصان پہنچایا ،سرکاری عمارتوں ،پولیس سٹیشنوں ، ایمبولینسوں پر بھی حملے کیے گئے،شہریوں کی گاڑیاں نذر آتش ،کئی اہلکار زخمی ہوگئے،سکیورٹی اہلکاروں نے 2500 افراد کو گرفتار کرلیا۔

تہران کے ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی جریدے ٹائم میگزین کو بتایادارالحکومت کے صرف 6 ہسپتالوں میں 217 مظاہرین ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی،زیادہ تر لوگ گولیاں لگنے سے مرے،کشیدگی کے باعث ملک بھر میں بلیک آوٹ،انٹرنیٹ اورموبائل سروس معطل ہونے سے شہریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا،ترک ،اماراتی ائیرلائنز نے ایران کیلئے پروازیں منسوخ کر دیں،ایرانی حکام نے تہران کے بہارستان ٹاون میں 100 مسلح افراد گرفتار کر لیے ،میڈیا کے مطابق گرفتار ہونےوالے ملک میں امن و امان خراب کرنے کی کوشش میں تھے،علاقے میں حفاظتی اقدامات بڑھا دئیے گئے۔

ادھر سپریم لیڈر خامنہ ای نے ملک کی سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب کو مظاہرین کےخلاف کریک ڈاون اور سکیورٹی کے مکمل کنٹرول کی ذمہ داری سونپ دی۔

دریں اثنا ایرانی سفیر برائے اقوام متحدہ امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کو خط لکھ کر کہاامریکہ کی پالیسیاں عالمی امن ،بین الاقوامی قانون کےلئے خطرہ،ملک میں عدم استحکام پھیلانے کے اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، امریکہ اسرائیل کےساتھ ملکر اشتعال ،تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے،داخلی معاملات پر امریکی بیانات مداخلت ،دھوکہ دہی ہیں۔

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا غیر ملکی حمایت یافتہ عناصر نے احتجاج کو تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی، غیرملکی مداخلت ریاستی خودمختاری کے اصولوں کے منافی ہے، ایران نے اپنی تاریخ میں بارہا سازشوں کا سامنا کیا اور ہر بار سرخرو ٹھہرا،عوام کی اکثریت ریاست ، سکیورٹی اداروں کےساتھ کھڑی ہے، قوم اپنی تہذیب ،قیادت کےساتھ ملکر ہر سازش ناکام بنائے گی۔

دوسری جانب ایران کی تازہ صورتحال میں پاکستانی سفارتخانے نے شہریوں کی سہولت کےلئے کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم کردیا،تہران میں سفیر مدثر ٹیپو نے کہا پاکستانی شہریوں کی معاونت کےلئے 24 گھنٹے رابطہ کیا جاسکتا ہے، 3عہدیداروں کے فون ، لینڈ لائن نمبر بھی فراہم کردئیے ۔

علاوہ ازیں پاکستان نے اپنے شہریوں کوسکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایران کے غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایت کردی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا اپنی حفاظت ،سلامتی کے پیش نظر شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے حالات بہتر ہونے تک اسلامی جمہوریہ ایران کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں،ایران میں مقیم شہری انتہائی احتیاط برتیں، چوکنا رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت کم سے کم رکھیں،سہولت کی غرض سے پاکستانی سفارتی دفاتر سے باقاعدہ رابطے میں رہنے کےلئے نمبرز بھی جاری کردیئے۔

مزید برآں فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے مشترکہ بیان میں کہا مظاہرین پر تشدد تشویشناک، ایرانی سکیورٹی اہلکار اپنی آبادی کی حفاظت کریں، حکام چاہیے اپنے لوگوں کے اجتماع ،اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنائیں۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے کہا ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی اسرائیلی کوششیں ناکام ہوں گی، احتجاجی مظاہروں کو تہران کے حریف استعمال کر رہے ہیں،حالیہ مظاہرے کافی محدود پیمانے پر ہیں، ایرانی مظاہروں سے اسرائیل جو توقع کر رہا ہے وہ پوری نہیں ہوگی، ایرانی عوام کو معلوم کس حد تک ردعمل دینا ہے۔

حاقان فدان نے کہا اسرائیل غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، غزہ میں انسانی امداد و تعمیر نو میں کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہیں۔