سہیل آفرید ی چور دروازے سے ریلیف چاہتے ہیں:عظمیٰ بخاری

لاہور (وقائع نگار) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پنجاب اسمبلی کوئی چوک یا چوراہا نہیں جہاں بغیر اجازت کسی کو کھلا چھوڑ دیا جائے،نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا سہیل آفریدی اور ان کے ساتھ آنے والے افراد پنجاب اسمبلی میں داخل ہوئے حالانکہ پی ٹی آئی کے 30 افراد کی فہرست پہلے ہی سیکرٹری اسمبلی کو جمع کرائی گئی تھی، پنجاب اسمبلی کوئی چوک یا چوراہا نہیں جہاں بغیر اجازت کسی کو کھلا چھوڑ دیا جائے بلکہ یہاں باقاعدہ طریقہ کار کے تحت فہرست کے مطابق داخلہ ہوتا ہے، سہیل آفریدی کےساتھ آنے والے افراد نے اسمبلی کے گارڈز کو دھکے دیئے، گملے اور دروازے توڑے اور زبردستی اسمبلی میں داخل ہوئے، انہیں ان لوگوں سے کوئی خوف نہیں تھا تاہم پی ٹی آئی کے کارکنان اپنی حرکتوں کے باعث ایسے ڈرامے کرتے ہیں، اسمبلی کی حدود میں کھڑے ہو کر نامناسب زبان استعمال کی گئی، ان کے اور ان کے والدین کے بارے میں غیر مناسب الفاظ کہے گئے، اس کے باوجود پنجاب حکومت نے کوئی سخت ردعمل نہیں دیا، پی ٹی آئی کے افراد کا طرز عمل جارحانہ تھا جبکہ مشیر اطلاعات شفیع جان نے محسن نقوی کے خلاف بھی انتہائی گھٹیا زبان استعمال کی،اگر حکومت ان کے خلاف کارروائی کرتی تو اسے مہمانوں کی توہین قرار دیا جاتا جبکہ ان کی بدتمیزی کو نظر انداز کرنا بھی حکومت کا جرم بنا دیا جاتا ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا بیانیے پر کہا کہ لاہور کے حوالے سے بے بنیاد دعوے کئے گئے،بلدیاتی انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا ن لیگ بلدیاتی الیکشن کےلئے مکمل طور پر تیار ہے اور تاریخ کا انتظار کر رہی ہے،ن لیگ پنجاب میں تمام ضمنی انتخابات یکطرفہ طور پر جیت چکی ہے اور وہ چاہتے ہیں بلدیاتی انتخابات ہوں تاکہ پی ٹی آئی کو جلد واپسی کا راستہ دکھایا جائے،پی ٹی آئی گزشتہ 12 برس سے خیبرپختونخوا میں حکومت میں ہے اور ان کے بیانات خود تضادات کا شکار ہیں، سہیل آفریدی لاہور تفریحی و مطالعاتی دورے پر آئے تھے اور پورے پروٹوکول کےساتھ شہر کی سیر کرتے رہے جبکہ اب وہ عدالتوں کے علاوہ کسی اور چور دروازے سے ریلیف چاہتے ہیں،ادھر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہفتے کے آخر میں اسمبلی آمد کے دوران پیش آنے والے ہنگامے سے متعلق کی گئی انکوائری کی رپورٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی جا سکیں، پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خا ن نے کہا اسمبلی ریڈ زون ہے جہاں سخت سکیورٹی انتظامات لاگو ہیں اور یہاں داخلے کےلئے خصوصی اجازت نامہ یا کم از کم شناختی کارڈ نمبر کی تصدیق لازمی ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو شرائط پہلے ہی بتا دی گئی تھیں ،ساتھ آنے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کی فہرست فراہم کی گئی تھی جنہیں سہولت دی گئی تاہم طے شدہ پروٹوکول پر عمل نہیں کیا گیا، اسمبلی میں غیر شناخت شدہ افراد کو لایا گیا، جو قواعد کےخلاف ہے، ہر فرد کےلئے اجازت اور شناخت لازمی ہے اور کسی قسم کی غیر مجاز انٹری قابل قبول نہیں،سپیکر نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا قانون سازی پر اعتراض کرنا جمہوری حق ہے لیکن گھیراو، جلاو گھیراو اور انتشار پھیلانا نااہلی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی نیت کو ظاہر کرتا ہے،اسمبلی میں غیر شناخت شدہ افراد کو لایا گیا،پی ٹی آئی مقدس مقامات کا احترام نہیں کرتی اسمبلی کا کیا کرےگی۔