لاہور(نوید چودھری)لاہور میں سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ اب کسی ضابطے، اصول یا ضرورت کی محتاج نہیں رہی بلکہ یہ ایک ایسا کھیل بن چکی ہے جہاں طاقتور ہاتھ فائل کھینچتے ہیں اور قواعد خود بخود پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ سٹیٹ مینجمنٹ میں ہونے والی حالیہ الاٹمنٹس نے یہ تاثر مزید پختہ کر دیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے اندر نظام نہیں بلکہ من مانی چل رہی ہے اور جواب دہی کا تصور محض ایک رسمی لفظ بن کر رہ گیا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق آفیسر کالونی فیروز پور روڈ میں واقع مکان نمبر 3 لیاقت علی سپرنٹنڈنٹ ایم او آر ہیڈکوارٹرز کو آفس آرڈر نمبر 558 مورخہ 23 دسمبر 2025 کے ذریعے الاٹ کیا گیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ لیاقت علی سنیارٹی لسٹ میں سیریل نمبر 6 پر موجود ہے، یعنی ان سے قبل کئی اہل اور سینئر ملازمین موجود ہیں جن کا حق ایک جھٹکے میں نظر انداز کر دیا گیا۔ اسی دن ایک اور چونکا دینے والا فیصلہ سامنے آیا جب مکان نمبر 7 غلام رضا کو آفس آرڈر نمبر 557 کے تحت الاٹ کر دیا گیا، حالانکہ چیف سینیٹری انسپکٹر غلام رضا نے کبھی رہائش کیلئے درخواست ہی نہیں دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیٹ مینجمنٹ شعبہ میں الاٹمنٹ کا عمل اب شفافیت کے بجائے پسند و ناپسند کے تابع ہو چکا ہے۔ درخواستیں ہوں یا نہ ہوں، سنیارٹی بنتی ہو یا نہ، اگر پشت پناہی مضبوط ہو تو گھر مل جاتا ہے اور اگر صرف حق ہو تو فائل گرد میں اٹک جاتی ہے۔ اس صورتحال نے بلدیہ عظمیٰ کے اندر ایک خطرناک مثال قائم کر دی ہے جہاں قواعد صرف کمزور کیلئے ہیں۔ اس پورے معاملے میں میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ موسیٰ رضا کا کردار بھی کڑی تنقید کی زد میں ہے۔ ایم سی ایل حلقوں کے مطابق یہ محض دو گھروں کی کہانی نہیں بلکہ یہ اس پورے نظام کا عکاس ہے جہاں سرکاری وسائل کو ذاتی انعام سمجھ لیا گیا ہے۔ اگر میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ نے فوری طور پر اس معاملے کی ذمہ داری قبول نہ کی اور شفاف جانچ کا آغاز نہ ہوا تو یہ تاثر مزید گہرا ہو جائے گا کہ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن میں میرٹ نہیں بلکہ مرضی چلتی ہے اور سرکاری چھتیں اب حق نہیں بلکہ سفارش پر میسر آتی ہیں۔
اس حوالے سے خاتون سٹیٹ مینجمنٹ آفیسر تہمینہ نے مو¿قف اختیار کیا کہ سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ کے احکامات بالا سطح سے موصول ہوتے ہیں اور اس عمل میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ الاٹمنٹ درست ہے یا غلط، اس کا اختیار صرف ایڈمنسٹریٹر کے پاس ہے اور وہ اپنے اختیارات کے تحت جسے چاہیں گھر الاٹ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو گھر ایک مرتبہ الاٹ ہو جائے، اسے بعد ازاں کینسل نہیں کیا جا سکتا۔ یہ جواب الاٹمنٹ پالیسی پر عمل نہ کرنے اور جونیئر ملازمین کو قواعد کے برعکس بڑے گھر الاٹ کیے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر دیا۔
سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ میں قواعد و ضوابط نظرانداز، ایل ڈبلیو ایم سی میں من مانیاں
















