اہل اقتدار عام لوگ نہیں ،انتہائی صاحب کردار چاہئیں،ثاقب نثار
لاہور:(وقائع نگار)سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے اہل اقتدار عام لوگ نہیں ،انتہائی صاحب کردار چاہئیں، عمر خطاب نہیں آسکتے مگر عمر ثانی تو آسکتے ہیں ،بنیادی حقوق کا تحفظ ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کے ججوں کا کام ہے۔
دیوانی انصاف کی نقاب کشائی کے موضوع پر کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا انسان کی پیدائش کےساتھ ہی قوانین وجود میں آگئے، قانون ،اطلاق کے بھی کچھ تقاضے ہیں،خدا نے شیطان کو بھی حق سماعت دیا ،پنگوڑے سے لےکر وفات تک زندگی کے بنیادی حقوق ریاست کی ذمہ داری ہے،میں نے ہسپتالوں کے دورے میں کسی کو ورکنگ حالت میں نہیں دیکھا، لاکھوں کروڑوں روپے لگا کر بھی چیزیں قابل استعمال نہ ہوں تو کیا زندگی ہے۔
ثاقب نثار نے کہاظلم کا معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا،کیا پاکستان میں قانون کی حکمرانی قائم ہے اگر قانون کی حکمرانی نہیں تو سب کچھ بے کار ہے،جج کا امتحان ہی جمہوریت میں ہوتا ، آئین کا وجود نہیں تو پھر کوئی ریاست دنیا میں کیسے قائم رہ سکتی ہے۔
















