3 ہزار ڈالر لو ،واپس جاﺅ،ٹرمپ کی غیرقانونی تارکین وطن کو پیشکش
واشنگٹن:(خواجہ فاروق)3 ہزار ڈالر لو ،واپس جاﺅ،ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کو پیشکش کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اعلان کیا جو غیر قانونی تارکین وطن سال کے اختتام تک خود کو ڈی پورٹ کریں گے، انہیں مفت ہوائی ٹکٹ اور 3 ہزار ڈالر دئیے جائیں گے۔
محکمے کے اعلامیے میں کہا گیا تارکین وطن اگر CBP Home ایپ کے ذریعے رضاکارانہ واپسی کےلئے رجسٹریشن کراتے ہیں تو سفری سہولت کےساتھ نقد رقم فراہم کی جائےگی،رقم کوبڑھا کر 3 ہزار ڈالر کر دیا گیا،سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے خبردار کیا جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکہ نہیں چھوڑیں گے انہیں گرفتاری، جبری ملک بدری اور مستقبل میں امریکہ میں داخلے پر مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے
مزید بر آں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ فرسٹ پالیسی کے تحت 30 سفیروں کو واپس بلا لیا، خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ امریکی سفارتخانوں کو امریکہ فرسٹ پالیسی کی ترجیح کا عکاس بنانا چاہتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے واپس بلائے جانےوالے سفیروں کے نام نہیں بتائے،حکام کے مطابق صدر ٹرمپ کا حق ہے کہ وہ ایسے سفیر بنائیں جو ان کے امریکہ فرسٹ ایجنڈے کو آگے بڑھائیں۔
ادھرصدر ٹرمپ نے اپنے نام کے جدید جنگی جہاز ’ ’ٹرمپ کلاس‘ ‘بنانے کا اعلان کردیا، اعلان فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مار-اے-لاگو میں کیا گیا، ٹرمپ نے کہا ابتدائی طور پر 2 جنگی جہاز تیار کیے جائیں گے، جہاز امریکی تاریخ کے سب سے بڑے اور طاقتور جنگی بحری جہاز ہوں گے، سطح سمندر پر لڑائی کےلئے انتہائی مہلک صلاحیتوں کے حامل ہوں گے، جہازوں کا وزن 30 ہزار سے 40 ہزار ٹن کے درمیان ہوگا ، جدید میزائل، بھاری توپیں، لیزر ہتھیار اور ہائپرسونک میزائل نصب کیے جائیں گے، جہاز جوہری صلاحیت رکھنے والے سمندری کروز میزائل بھی لے جا سکیں گے۔
دریں اثنا امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کردی،فلوریڈا میں وزیر جنگ اور وزیر بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ رکوانے اورجنگ میں طیارے تباہ ہونے کا ذکر کردیا۔
امریکی صدر نے کہا وہ دنیا میں اب تک 8 جنگیں روک چکے ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ بھی شامل ہے، جنگ میں 8 طیارے گرائے گئے تھے، پاکستان کے فیلڈ مارشل قابل احترام شخصیت ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے جنگ رکوا کر 10 ملین لوگوں کی جانیں بچائیں،
















