پنجاب بھرپور اور متنوع سیاحتی مرکز،سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون کرینگے:مریم نواز

لاہور:( وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای مسٹر منسو کرمباکس نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے ماریشس کے سفیر منسو کرمباکس کا پرتپاک خیرمقدم کیا،بزنس ٹو بزنس روابط، تجارتی وفود اور نمائشوں کے انعقاد کی اہمیت پر بھی زوردیا۔

مریم نواز نے ماریشس کےساتھ تجارتی اور معاشی تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا،تعلقات، تعلیم، سیاحت، زراعت اور عوامی تبادلوں کے شعبوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیاگیا،ماریشس سفیر کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،دونوں رہنماوں نے حلال فوڈ، ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا،وزیراعلیٰ نے بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون کے عزم کا اظہارکیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ماریشس کےلئے چاول،ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات مزید بڑھانے کےلئے پرعزم ،پیداواری کاشت میں ماریشس کی قائم کردہ ٹیکنالوجی اور شوگر(چینی) کی صنعت میں تعاون ، پنجاب کے سیاحت کے شعبے میں ماریشس سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

مریم نواز نے منسوکرمباکس کو نوجوانوں کی ترقی اور منشیات کےخلاف انتھک کاوشوں کو سراہا،وزیراعلیٰ نے کہاپاکستان اور ماریشس کے درمیان ثقافتی تعلقات اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، انسانی سرمائے کی ترقی، بالخصوص اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں، تعاون کے مواقع موجود ہیں، زراعت، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز اور لائٹ انجینئرنگ جیسے شعبوں میں تجارت کی وسیع صلاحیت موجود ہے،ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کوسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہنر مند افرادی قوت میں بدل رہے ہیں، حالیہ برسوں میں پاکستان اور ماریشس کے درمیان دو طرفہ تجارت میں حوصلہ افزا اضافہ ہوا ۔

وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب زرعی پروسیسنگ، ٹیکسٹائل فارماسیوٹیکل اور ویلیو ایڈڈ فوڈ پروڈکٹس میں شاندار مواقع سے بھرپور ہے، کلائمیٹ ریزیلنٹ ویژن ایکشن پلان گرین سرمایہ کاری، ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دیا جا رہا ہے، جنگلات کے تحفظ،سبز نقل و حمل اورگرین توانائی کی طرف بتدریج منتقلی عزم کی عکاسی کرتی ہے، پنجاب بھرپور اور متنوع سیاحتی مرکز ہے، اندرون لاہور، شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شالیمار گارڈنز، نور محل اور دیگرمذہبی سیاحتی مقامات بھی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں،پنجاب نے تباہ کن سیلاب کے چیلنج کا پامردی سے سامنا کیا ہے،پنجاب سیاحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے،گنے کی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن میں ماریشس کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔

جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای مسٹر منسو کرمباکس نے کہا سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان کا حقیقی مثبت تشخص دنیا کے سامنے لائیں گے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز نے باسکٹ بال کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا35ویں نیشنل گیمز میں 37 سال بعد پنجاب کی شاندار فتح پر 126 میڈل قابل تحسین ہیں، پنجاب میں عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جارہے ہیں ، کھلاڑیوں کی انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے معاونت کی جائیگی،نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت پیدا کرنے کےلئے کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں، کھیل ہمیں نظم و ضبط بھی سکھاتے ہیں ، پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کےلئے ”کھیلتا پنجاب“پروگرام شروع کیا گیا،پنجاب بھر میں گراونڈ اور جمنیزیم کی تعمیر وبحالی کیلئے شعبہ تعمیر وبحالی قائم کر رہے ہیں، نوجوانوں کیلئے 300 گراونڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے پرعزم ہیں،سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ بڑھا کر 2 سے 4 ارب روپے کر دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا سپورٹس فیسٹیول بحال ، ہریونین کونسل میں کھیلوں کے مقابلے، پنجاب لیگ شروع کرینگے، سپورٹس ایڈوائزری کونسل میں 10 یونیورسٹی کے طلبہ بھی ممبر ہوں گے، کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے انٹرنیشنل کوچ بھی لائیں گے۔