حکومت خدمت کے جذبے سے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے : پیر عمران احمد شاہ
ساہیوال (چوہدری اشرف سے) وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے ڈی سی آفس چوک میں واپڈا کسٹمر فسیلی ٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔یہ سنٹر ساہیوال کی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے جہاں اب واپڈا سے متعلق تمام مسائل ایک ہی چھت تلے حل کئے جائیںگے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے کہا کہ واپڈا کسٹمر فسیلی ٹیشن سینٹر کے قیام سے شہریوں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اور ان کے مسائل بروقت حل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سنٹر پورا ہفتہ کھلا رہے گا تاکہ سائلین کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔فسیلی ٹیشن سینٹر میں شہری نئے بجلی کنکشن کی درخواست، بجلی کی شکایات، بجلی کی عارضی یا مستقل معطلی، بجلی بل کی تاریخ میں توسیع، بل کی نقل کے اجرا سمیت دیگر تمام واپڈا سے متعلق امور کے حل کیلئے درخواستیں دے سکیں گے۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی قاسم ندیم، مسلم لیگ (ن) کے رہنما راﺅ نذر فرید، پیر احسان الحق ادریس، چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد، سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن سرکل ساہیوال انجینئر ناصر محمود فانی و دیگر اعلیٰ واپڈا افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی و پاور ڈویژن کے ویژن کے مطابق عوام کو بجلی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے یہ سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ساہیوال کے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔شہریوں نے واپڈا کسٹمر فسیلی ٹیشن سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سنٹر سے بجلی سے متعلق مسائل میں واضح کمی آئے گی۔بعد ازاں وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے الیکٹرو بس کے روٹ میں اضافے کا افتتاح کیا جو ساہیوال سے گیمبر تک بڑھایا گیا ہے - ممبر صوبائی اسمبلی پیر ولایت شاہ کھگہ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے،وفاقی وزیر نے الیکٹرو بس میں روٹ پر سفر بھی کیا-افتتاحی تقریب کے موقع پر اہلِ علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیر عمران احمد شاہ ولی کہا ہے کہ حکومت عوام کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب الیکٹرو بس کا روٹ ساہیوال سے گیمبر تک بڑھا دیا گیا ہے جس سے اس علاقے کے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔ اس منصوبے سے نہ صرف عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ایم پی اے پیر ولایت شاہ کھگہ نے کہا کہ الیکٹرو بس روٹ میں توسیع ساہیوال اور گردونواح کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیمبر کے عوام کو طویل عرصے سے بہتر پبلک ٹرانسپورٹ کی ضرورت تھی جو اب پوری ہو رہی ہے۔ اہل علاقہ نے الیکٹرو بس روٹ میں اضافے پراپنی سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
















