سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ قائم
لاہور: (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کھلے مین ہول،مہنگائی، آوارہ کتے،وال چاکنگ،ابلتے نالے، قبرستان، ریڑھی بازار اور تمام اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل شعیب مرزا نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری اداروں کی کارکردگی ناپنے کےلئے پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کے ڈیش بورڈ کے ذریعے صوبے بھر کی لائیو مانیٹرنگ خود کریں گی،پنجاب میں پہلی بار ورچوئل ٹور وال قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز ورچوئل ٹور کے ذریعے پنجاب کے ہر افسر ،اہلکار کی حاضری اور کارکردگی چیک کرسکیں گی۔
بتایا گیا کھلے مین ہول، تجاوزات اور شہری خطرات اب پنجاب حکومت کی نظر سے اوجھل نہیں رہیں گے، 22 اہم پرفارمنس انڈیکٹرز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی،کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کی کارکردگی جانچنے کےلئے پہلا کے پی آئی ڈیش بورڈ فعال کرنے کافیصلہ کیا گیا،اجلاس میں بتایا گیا پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کے قیام سے آٹا، روٹی ، اشیائے خورونوش کی قیمتیں اب لاپروائی کا شکار نہیں ہوں گی، پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ آوارہ کتوں سے بچوں کے تحفظ کےلئے مہم کی براہ راست مانیٹرنگ ،شہروں میں وال چاکنگ پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ صوبے میں صفائی ،ویسٹ کولیکشن کےلئے ستھرا پنجاب پروگرام کی مسلسل نگرانی کرے گا، پنجاب کے ہر شہرمیں ڈرینج ، سیوریج سسٹم کو بھی ما نیٹر کیا جائےگا، اجلاس میں مزید بتایا گیا چھوٹے بڑے شہروں میں پارکوں ،قبرستانوں کی صورتحال بھی کے پی آئی میں شامل کر دی گئی، ریڑھی بازار کی صورتحال اشیائے خورو نوش کی فراہمی ،نرخ کا بھی جائزہ لیا جائےگا، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈویژن ،اضلاع میں سی ایم آئی ٹی کے یونٹس قائم ہوں گے۔
















