بنگلہ دیش،طلبہ رہنما کی ہلاکت پر بھارت کیخلاف پرتشدد مظاہرے،جلاﺅ گھیراﺅ
ڈھاکہ:(مشرق نیوز)بنگلہ دیش میں طلبہ تحریک کے رہنما کی ہلاکت پر بھارت کیخلاف پرتشدد مظاہرے، شیخ مجیب کاآبائی گھر،عوامی لیگ کے دفاتر ،میڈیا ہاﺅسزنذر آتش،مظاہرین، سکیورٹی فورسز میں جھڑپیں، عبوری حکومت نے ایک روزہ سوگ کااعلان کردیا۔
نوجوان طالبعلم رہنما شریف عثمان ہادی کی ہلاکت کے بعد ڈھاکہ سمیت ملک بھر میں مشتعل مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، بنگلہ دیش کے بانی صدر شیخ مجیب الرحمن کے آبائی گھر ،سابق وزیر تعلیم کی رہائشگاہ ،عوامی لیگ کے دفاتر،میڈیا ہاﺅسزکو نذر آتش کردیا،بھارتی سفارتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مظاہرین نے اہم سڑکیں بند کردیں،سکیورٹی فورسز کےساتھ جھڑپوں نے حالات کو مزید کشیدہ بنادیا، حساس علاقوں میں اضافی پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کر دئیے گئے۔
طلبہ نے قتل کا ذمہ دار بھارت کو ٹھہرا تے ہوئے مودی کو دوٹوک پیغام دیا مزید مداخلت برداشت نہیں،عدم استحکام پھیلانے کی صورت میں مزاحمت سرحد پار بھی پھیل سکتی ہے،ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لایاجائے۔
دریں اثنا عبوری حکومت نے ہفتے کو یومِ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ملک بھر میںقومی پرچم سرنگوں رہے گا ،خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ادھر پولیس نے ہادی پر فائرنگ کرنےوالے حملہ آوروں کی تلاش شروع کرتے ہوئے2مرکزی مشتبہ افراد کی تصاویر جاری کر دیں اور گرفتاری میں مدد کرنے پر5لاکھ ٹکا (تقریباً 42,000 امریکی ڈالر) انعام کا اعلان بھی کردیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق عثمان ہادی کو بھارتی فون نمبرز سے قتل کی دھمکیاں دی جارہی تھیں،حکام نے کہاقاتل فیصل کریم مسعود ،موٹر سائیکل چلانے والے کی شناخت عالمگیر شیخ کے نام سے کی گئی، دونوں مشتبہ افراد بھارت کی سرحد سے غیرقانونی طور پر داخل ہوئے اور بھارت ہی فرار ہوگئے۔
















