انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا راجباہ نو ایل کی بندش کا نوٹس۔ راجباہ کی بندش سے ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ زرعی زمین کو نہری پانی کی سپلائی منقطع۔انہوں نے راجباہ نو ایل پر جاری پسپ پراجیکٹ کے کام کا جائزہ لینے کیلئے منظور کالونی برج کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایکسین لوئر باری دوآب طلحہ اور سٹی منیجر پسپ اسجد خان بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کسانوں کو تا دیر نہری پانی کی سپلائی منقطع نہیں رکھی جا سکتی۔انہوں نے پسپ حکام کوہدایت کی کہ اگلے پانچ دن میں تمام کام ہر صورت مکمل کیا جائے۔انہوں نے جاری کام پر ناقص حفاظتی اقدامات پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ بعدازاں انہوں نے بیرون لاری اڈا کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بیرون لاری اڈے پر جاری سیوریج و مرمت کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کارپوریشن حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے ریلوے روڈ کا بھی دورہ کیا اورجاری کام کو مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کی طلبہ و طالبات نے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ایک ٹیکنالوجی نمائش کا انعقاد کیا جس میں جدید آئی ٹی سکلز اور مختلف پروجیکٹس پیش کئے گئے۔ نمائش میں اے آئی کا استعمال، پروگرامنگ، آن لائن سیلنگ، پروگرامنگ اینیمیشن، کوڈنگ، گرافک ڈیزائننگ، ایم ایس آفس (ایکس پاورپوائنٹ، ورڈ)، ای چالان سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق متعدد پراجیکٹس نمایاں طور پر پیش کئے گئے۔ طلبہ و طالبات نے مختلف آئی ٹی ٹولز، سافٹ ویئرز اور اے آئی بیسڈ سلوشنز کا عملی مظاہرہ کر کے شرکاءسے خوب داد سمیٹی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بھی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ پرنسپل اکبر علی اور سیکشن ہیڈ مارننگ گرلز سکول نادیہ ثاقب بھی اس موقع پر موجود تھیں۔کمشنر نے طلبہ و طالبات کے تیار کردہ پراجیکٹس کا معائنہ کیا اور ملٹی میڈیا سکرین کے ذریعے پروگرامز اور اے آئی کے استعمال پر مبنی کام کا جائزہ لیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بچوں کی علمی و عملی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ہمارے آنے والے مستقبل کا سرمایہ ہیں، ان کی محنت اور جدید ٹیکنالوجی کی سمجھ قابل تحسین ہے۔ کمشنر ساہیوال نے سکول انتظامیہ خصوصاً پرنسپل اکبر علی کی کاوشوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے بچوں کو جدید تعلیمی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔