پنجاب میں ٹرانسپورٹ شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ،4کمیٹیاں قائم
لاہور: (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت ،ٹرانسپورٹرز میں معاملات طے ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹرانسپورٹ شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کر لیا،ٹرانسپورٹرز نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ٹرانسپورٹ شعبے کی ترقی کےلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی بھرپور تائید وحمایت کرتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق ٹرانسپورٹ صنعت کی بہتری، ترقی اور تمام مسائل کے حل کےلئے 4 کمیٹیاں تشکیل دےدی گئیں، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر مرکزی کوآرڈی نیٹر ہوں گے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں گڈز ،پبلک ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور ہڑتال کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا گیا،قائم کردہ کمیٹیوں میں گڈز ، منی مزدا ، پبلک ٹرانسپورٹ ،سٹاف ڈیوٹی وہیکل کمیٹی شامل ہیں، کمیٹیاں سفارشات مرتب کر کے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پیش کریں گی،ٹرانسپورٹرز ،حکومتی نمائندے آئندہ بدھ کو مشترکہ پریس کانفرنس میں حتمی تجاویز سامنے لائیں گے،حکومت ،ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں میں ٹریفک آرڈیننس 2025 پر مشترکہ غور، مزید بہتری لانے اور ملکر عمل درآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق ثبوت پر مبنی چالان پیش کیے جائیں گے، الیکٹرانک ون ایپ کے ذریعے روٹس پر چالان کے عمل کو ریگولیٹ کیا جائےگادیگر صوبوں کے ٹرانسپورٹرز کےساتھ پنجاب کے ٹرانسپورٹ پل کا کردار ادا کریں گے، ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا پنجاب کی طرز پر دیگر صوبوں میں بھی ٹریفک قوانین ،ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کےلئے اقدامات کئے جائیں،اجلاس میں اتفاق کیا گیا ٹرانسپورٹرز کے مطالبے پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب مرکزی سطح پر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کےلئے وزیراعظم شہبازشریف کو سفارشات پیش کریں گی،پنجاب حکومت ٹرانسپورٹ صنعت کوعالمی معیار پر لانے، منسلکہ شعبوں کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کے استعمال کو یقینی بنائے گی،گڈز، پبلک ٹرانسپورٹ ،انتظامی امور پر مستقل کمیٹیوں کا ہر 3 ماہ بعد اجلاس ہو گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا مقصد کاروبار کی ترقی، زندگی کاتحفظ اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، ہر زندگی کی حفاظت، نظام کی بہتری، عالمی معیار کا نفاذ اور ہر شعبے کی ترقی بنیادی ہدف ہے،سب کے تعاون ، مشترکہ کوششوں سے ہی پنجاب میں عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا، مسائل کو مکالمے سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں،مریم اورنگزیب نے کہاٹرانسپورٹ آرڈیننس 2025 کا واحد مقصد بچوں ،شہریوں کی جان کا تحفظ اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا ہے، مشاورت کا مستقل نظام قائم کر دیا ۔
















