بچوں کی ٹانگیں زمین پر لگتی نہیں والدین موٹر سائیکل لیکر دے دیتے ہیں: لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کے خلاف آصف شاکر ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پولیس کم عمر بچوں پر ایف آئی آرز درج کررہی ہے اور پھر قانون سازی کرکے بھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں، شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کی بجائے جرمانہ اور ایف آئی آر کرنا درست نہیں۔استدعا ہے عدالت بھاری جرمانوں کیلئے کی گئی ترامیم کالعدم قرار دے۔درخواست گزار کے دلائل پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے قانون بنا دیا ہے اس پر عمل کریں، یہاں پر آپ قانون پر عملدرآمد کی بجائے قانون ختم کرانے آگئے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا ہے کہ بچوں کی ٹانگیں زمین پر لگتی نہیں اور انہیں موٹر سائیکل لے کر دے دیتے ہیں، میرے گھر کے بڑوں اور بچوں دونوں کے چالان آئے ہیں، پولیس نے بتایا کہ 5 ہزار کم عمر ڈرائیور ون وے کی خلاف ورزی سے حادثات میں زخمی اور فوت ہوئے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ کم عمر بچے موٹرسائیکل تیز رفتاری سے چلاتے ہیں اور جرمانہ زیادہ اس لیے رکھا گیا ہے کہ لوگ خلاف ورزی نہ کریں۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ دنیا بھر میں ٹریفک کی خلاف ورزی پر بہت زیادہ جرمانے ہوتے ہیں، دبئی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم تک جرمانے ہوتے ہیں، گلی محلوں میں ہٹ اینڈ رن کے کیس بہت زیادہ ہوتے ہیں، ہمارے بچوں کی سیفٹی بہت ضروری ہے لہٰذاہمیں قانون پر عمل کرنے والا بننا چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے کہہ دیا ہے پہلی خلاف ورزی پر جرمانہ ہو گا اور دوسری خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہو گی۔عدالت نے مزید کہا ہے کہ قانون سوسائٹی کو بہتر کرنے کیلئے بنتے ہیں لہٰذاشہریوں کو ذمہ دار بنانے کیلئے قانون سازی ضروری ہے اور والدین بھی ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں۔بعد ازاں درخواست گزار نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی جسے لاہور ہائیکورٹ نے منظور کرتے ہوئے درخواست کو واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دیا۔