اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کا2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچنے پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر پرتپاک استقبال کیا، وفاقی کابینہ اراکین ،اعلیٰ حکام بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔
کرغزستان کے صدر طیارے سے باہر آئے تو صدر مملکت آصف زرداری سے بغلگیر ہوگئے ،وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پرجوش مصافحہ کیا، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے کرغزستان کے صدر صادرژپاروف کو پھول پیش کئے،کرغزستان کے صدر کا صدر مملکت اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
دونوں ملکوں کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا، کرغزستان کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی،صادر ژپاروف دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ،صدر آصف زرداری ودیگر سے ملاقاتیں ،اسلام آباد میں بزنس فورم سے خطاب کریں گے،وفد میں اعلیٰ سرکاری عہدیدار ،کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں،دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
کرغزستان کے صدر کا پرتپاک استقبال،21توپوں کی سلامی،متعدد معاہدے متوقع
















