اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کیلئے مسائل کی نشاندہی ناگزیر ہے، صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی درآمدات، کسٹمز ڈیوٹی اور تجارتی شعبے میں اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس منعقد ہو، جس میں نمائندہ کاروباری حضرات پر مبنی ذیلی ورکنگ گروپ کے ارکان نے وزیراعظم کو کسٹمز اور ٹیکس وصولی سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا اور اپنی سفارشات پیش کیں۔
وزیراعظم نے سفارشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ملکی صنعتی پیداوار بڑھانے اور کاروباری و سرمایہ کار حضرات کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو مثبت انداز میں سہولت پہنچانے کیلئے نافذ کی گئی ہے تاکہ برآمدات اور درآمدات کو ملکی مجموعی معاشی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے اجلاس میں زور دیا کہ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کیلئے شعبہ جاتی مخصوص تجاویز اور مسائل کی نشاندہی ناگزیر ہے، برآمدات پر مبنی دیرپا معاشی ترقی ملک میں سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافے، حکومتی تحفظ اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ دوسرے ممالک کیساتھ دوطرفہ اور راہداری تجارتی مصنوعات کی بارڈر پر کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی پر کڑی نگرانی ہونی چاہیے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر پاور اویس لغاری، وفاقی وزیر اکنامک افئیرز ڈویژن احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین ایس آئی ایف سی، ملکی صنعت و کاروبار کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
ملکی صنعتی پیداوار میں اضافے کیلئے مسائل کی نشاندہی ناگزیر ہے: وزیراعظم
















