بل بورڈز کیس، کیا پیسے کیلئے اتنا گر جاوگے؟،آئینی عدالت
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی عدالت نے بل بورڈز لگانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تنصیب کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دئیے۔
2رکنی بنچ نے پارکس اینڈ ہینڈی کرافٹ اتھارٹی کے افسروں ،وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہابل بورڈز بہت خطرناک ہوتے ، فیس کی مد میں پیسہ اکٹھا کرنا چاہتے ہیں، کیا پیسے کیلئے اتنا گر جاوگے؟۔
جسٹس حسن نے پارکس اتھارٹی کے وکیل سے استفسار کیا فیس کےلئے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں؟ بل بورڈز گرنے سے کوئی نقصان ہوگیا تو کون ذمہ دار ہوگا؟کیا اتھارٹی جانی و مالی نقصان کی ذمہ داری لینے کو تیار ہے؟،آندھی طوفان میں بل بورڈ گر جاتے ہیں، کیا بل بورڈ لگانے سے قبل جگہ کا تعمیراتی معیار پرکھا جاتاہے؟ سپریم کورٹ بل بورڈ پر پابندی لگانے کا فیصلہ دے چکی ہے۔
وکیل پارکس اینڈ ہینڈی کرافٹ اتھارٹی نے کہا عدالتی فیصلوں کا جائزہ لینے کی مہلت دی جائے، جسٹس حسن نے کہا آپ کو مہلت دے رہے، عدالتی فیصلے نہ ملے تو آئندہ سماعت پر نکال کردے دیں گے،آئندہ سماعت پر اپیل واپس لینے کی بات کیجئے گا، بل بورڈ لگانے کی اجازت پر بات کی تو جرمانے کےساتھ اپیل مسترد کریں گے۔
















