لاہور (قمر عباس نقوی) ڈائریکٹر فنانس واسا کا اوریکل بیس سافٹ وئیر میں متعدد خرابیوں کے باوجود نجی کمپنی کو این او سی جاری کرتے ہوئے 2کروڑ سے زائد کی ادائیگی،سسٹم غیر فعال ہونے کے باعث محکمہ سمیت ترقیاتی منصوبہ جات کی سینکڑوں کیس التوا کا شکار۔تفصیلات کے مطابق واسا لاہور پنجاب بھر میں قائم ہونے والے واساز کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کی منصوبہ بندی پر کام کر رہا ہے جبکہ واسا لاہور شعبہ فنانس کے ڈائریکٹر کی جانب سے ریکارڈ اور بلز سمیت دیگر دستاویزات کو آن لائن وائی فائی کرنے کی بجائے کیبل نیٹ سسٹم تک محدود ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر فنانس کی جانب سے اوریکل بیس سسٹم کی تنصیب کی خاطر کراچی کی نجی کمپنی کو ذمہ داری تفویض کی گئی جس کے تحت شعبہ فنانس کے تمام امور کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کی منصوبہ بندی تھی اس پر واسا لاہور کی جانب سے سافٹ وئیر کے حصول کی خاطر دو کروڑ سے اڑھائی کروڑ روپے تقریبا ادا کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق اوریکل بیس سافٹ وئیر سسٹم کو وائی فائی کی بجائے فیکس نیٹ سسٹم کے تحت چلایا گیا جس کی وجہ سے کام کے حصول میں مشکلات دیکھنے میں آرہی ہیں جبکہ سافٹ وئیر میں مبینہ طور پر متعدد خرابیوں کی وجہ سے ترقیاتی منصوبہ جات سمیت محکمانہ بلوں کی ادائیگی کی فائلز پر کام التوا کا شکار ہے، گزشتہ ایک ہفتہ سے سسٹم بند پڑا ہے۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی سرکاری منصوبہ کی ادائیگی اس وقت تک نہیں کی جا تی جب تک اس کا مکمل فعال ہونے کا یقین نہ ہو جبکہ ڈائریکٹر فنانس کی جانب سے اوریکل سافٹ وئیر سسٹم فراہم کرنے والی نجی کمپنی کو سافٹ وئیر میں متعدد خرابیوں کے باوجود ڈائریکٹر فنانس اطہر محمود کی جانب سے این او سی جاری کرتے ہوئے متعلقہ کمپنی کو رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مکمل ادائیگی کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ سافٹ وئیر فنانس شعبہ تک ہی محدود رکھا گیا ہے ریکارڈ اور دیگر معاملات کو دیکھنے کی خاطر ایم ڈی واسا کو آن لائن دیکھنے کی سہولت میسر نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ آفس میں بیک اپ کیلئے رکھا گیا، سرور بھی خرابی کا شکار ہے۔ واسا آئی ٹی شعبہ کے ذمہ دار نے بتایا کہ سافٹ وئیر کے حصول میں ہمار کوئی عمل دخل نہیں یہ سافٹ وئیر برائے راست ڈائریکٹر فنانس کی جانب سے لیا گیا ہے ہمارا کام صرف سرور تک ہی محدود ہے۔ واسا ترجمان امتیاز غوری نے کہا کہ محکمہ کا تمام ریکارڈ آن لائن کیا جا رہا ہے فنانس میں بھی اسی پر کام جاری ہے اگر سافٹ وئیر خراب ہے تو متعلقہ کمپنی اس کو ٹھیک کرنے کی پابند ہے۔ اس پر ڈائریکٹر فنانس سے تفصیلات حاصل کر لیتے ہیں کہ سافٹ وئیر کی خرابی کی وجوہات کیا ہیں اگر اس میں مسائل ہیں تو کمپنی کو ادائیگی مکمل کیوں کی گئی ہے۔
واسا، اوریکل بیس سافٹ وئیر میں خرابی کے باوجود نجی کمپنی کو این او سی
















