تاجر رہنما سید ممتاز حسین بخاری کے بھائی کی مغفرت کیلئے محفل

لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور ہوٹلز اینڈ ٹوررزم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون کے سینئر نائب صدر سید ممتاز حسین بخاری کے بڑے بھائی سید افتخار حسین بخاری مرحوم کی ذکر خیر اور ایصال ثواب کی پراثر اور روحانی فضا سے لبریز تقریب سبحان شادی ہال شاد باغ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں شہر بھر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، مرحوم کے دیرینہ احباب، عزیز و اقارب اور مختلف سماجی و کاروباری حلقوں سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انکے چہروں پر مرحوم کے بچھڑ جانے کا غم نمایاں تھا مگر زبانوں پر اس عظیم انسان کیلئے محبت، احترام اور خیر کی دعائیں تھیں۔ شرکاءنے سید افتخار حسین بخاری مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلووں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انتہائی باوقار، شریف النفس، وضعدار اور انسانیت کا درد رکھنے والی شخصیت تھے۔ لوگوں کے دکھ سکھ میں شریک ہونا ان کا وصف تھا، اور انکے لہجے کی نرمی، رویے کی شائستگی اور دل کی دردمندی انہیں ہر دل عزیز بناتی تھی۔ بہت سے شرکاءنے بتایا کہ مرحوم نہ صرف خاندان بلکہ برادری کے اندر بھی ایک مضبوط، معتبر اور رہنمائی کرنے والا ستون تھے، جن کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی۔ تقریب میں لاہور ہوٹلز اینڈ ٹوررزم ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف خان نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے خاندانِ بخاری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کیلئے بلند درجات کی دعا کی۔ اسی طرح ریلوے سٹیشن زون کے چیئرمین میاں ساجد، اسد خالد، حاجی طارق، حاجی خالد معراج، مقصود گجر اور دیگر سینئر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بخاری خاندان ہمیشہ خدمت، ملنساری اور کاروباری برادری میں مثبت کردار کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے، اور یہ اجتماع مرحوم کی محبت، شخصیت اور وقار کی روشن تصویر ہے۔ دعائیہ نشست میں علما نے مرحوم کیلئے قرآن کریم کی آیات اور خصوصی دعاو¿ں کا اہتمام کیا۔ ہال میں موجود ہر دل نے انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ ”اللھم اغفرلہ“ کی صدا میں اپنا دل شامل کیا۔ فضا میں ایک روحانی سکون اور عقیدت کی لہر دوڑ گئی، اور ہر آنکھ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور ان کے لیے دائمی راحت کی دعا کی۔ تقریب کے اختتام پر سید ممتاز حسین بخاری نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھائی کی جدائی ایک ایسا زخم ہے جو وقت کے ساتھ تو شاید بھر جائے، مگر یادوں کی مہک دل سے کبھی نہیں جاتی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آج کی یہ بھرپور آمد اور محبت ہمارے لئے حوصلے کا باعث ہے۔ آخر میں اجتماعی دعا میں ملک و قوم کے امن، خیر و برکت اور ترقی کیلئے بھی خصوصی طور پر ہاتھ بلند کئے گئے۔