لاہور (اپنے رپورٹر سے) جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کا تیسرا اجلاس محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں منعقدہوا۔اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین بورڈڈاکٹر فرقد عالمگیر نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے شرکت کی۔اجلاس میں اسد علی خان، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ وسیم نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر عدنان خان، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض، خرم عزیز، شاہد امتیاز و دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔آئی ڈیپ کے افسران نے اجلاس کے دوران زیر تعمیر جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پر جاری پیش بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں 07 نکاتی ایجنڈا پیش اور منظور کیا گیا۔اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنرز کے دوسرے اجلاس کے فیصلوں کی عملدرآمد رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔پی آئی ٹی بی نے ایچ آئی ایم ایس نظام پر بریفنگ دی۔ایچ آر کمیٹی کی سفارشات پر ایچ آر کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ انسٹیٹیوٹ خطے کی عوام کو عالمی معیار کی صحت سہولیات دے گا۔انسٹیٹیوٹ کو جلد مکمل فعال کر کے دل کے مریضوں کو نئی سہولتیں دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھر میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے کہاکہ ادارے کی بہتری کیلئے تمام ممبرز اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔بورڈممبران نے کہاکہ ادارے کو شفاف اور جدید ہیلتھ ماڈل کے طور پر قائم کیا جائے گا۔256 بستروں پر مشتمل ہسپتال مقررہ وقت پر ہینڈ آور کر دیا جائے گا۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے کہاکہ تمام فیصلوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کریگا: سلمان رفیق


















