پاک امریکہ اچھے تعلقات اختیاری نہیں ،دنیا کیلئے بھی ناگزیر ہیں،رضوان سعید شیخ


واشنگٹن:(خواجہ فاروق)امریکہ میںپاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہاہے پاک واشنگٹن اچھے تعلقات اختیاری نہیں ،دنیا کیلئے بھی ناگزیر ہیں، عالمی سطح پر مقابلے کی بجائے تعاون کا فروغ بہتر مستقبل کا ضامن ہوگا۔

معروف تعلیمی ادارے بوسٹن یونیورسٹی کے فریڈرک ایس پردی سکول آف گلوبل سٹڈیز میں پاک امریکہ کثیر الجہتی تعلقات پراظہار خیال کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا پاک امریکہ تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کےلئے اہم اور نتیجہ خیز رہے ہیں، دنیا کے دو بڑے ممالک کے درمیان اچھے تعلقات اختیاری نہیں بلکہ ناگزیر ہیں،بوسٹن یونیورسٹی کے سینٹر فار ایشین سٹڈیز اور سکول آف گلوبل سٹڈیز کے زیر اہتمام ہونےوالے مکالمے میں طلبا ، فیکلٹی، سفارتکاروں و عالمی امور کے ماہرین شریک تھے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا پاک امریکہ تعلقات کی معاشی جہت اولین ترجیح اور پیش نظر ہے، عالمی سطح پر مقابلے کی بجائے تعاون کا فروغ بہتر مستقبل کا ضامن ہو گا، سکول کے ڈین ایمریٹس پروفیسر عادل نجم کےساتھ پاک امریکہ تعلقات کے تاریخی پس منظر، حالیہ ادوار اور مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا ماضی میں عمومی طور پاک امریکہ تعلقات کو سکیورٹی کے تنا ظر میں دیکھا جاتا رہا ہے،موجودہ دور میں دونوں ممالک کی توجہ اقتصادی تعلقات پر مبنی تذویراتی شراکت داری کے فروغ پر مبنی ہے،شرکاءکے ایک سوال کے جواب میں پاکستانی سفیر نے ملک کے جمہوری سفر پر بات کرتے ہوئے مثبت سمت میں جاری ارتقائی عمل کے اہم نکات کو اجاگر کیا، اختتامی کلمات میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی سطح پر باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔