کینیڈا کےساتھ تعلقات مزید مضبوط کرینگے،شہبازشریف


اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کینیڈا کےساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، کان کنی ،معدنیات شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، بیرک گولڈ کان کنی شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرنے کےساتھ پاکستان ،کینیڈا کے درمیان اقتصادی تعاون کی کامیابی کی سند ثابت ہوگا۔

پاکستان میں تعینات ہونے والے ہائی کمشنر طارق علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان ،کینیڈا کے درمیان دیرینہ و دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،کینیڈین قیادت کےلئے خیر سگالی کا پیغام دیتا ہوں۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات بالخصوص زراعت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم ،عوامی تبادلوں کو مزید فروغ دینے کےلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے ملاقات کی،وزیراعظم نے بلال فاروق تارڑ کو ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کی نشست جیتنے پر مبارکباد دی،ملاقات میں حلقے سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔