دشمن کے 7 بہترین طیارے گرائے،دنیا نے جنگی صلاحیتیں دیکھیں: وزیراعظم


باکو:(مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بھارتی جارحیت کےخلاف ترکیہ ،آذربائیجان کے اظہار یکجہتی پر مشکور ہیں، دشمن کے 7 بہترین جنگی طیارے مار گرائے،معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں۔

آذربائیجان کے یوم فتح پر پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یوم فتح کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے، پاکستان کے عوام کی طرف سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے نے ہمیشہ دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا، پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے3ملک ،دل ایک دوسرے کےساتھ دھڑکتے ہیں، معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں، افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کیے، پاکستان نے دشمن کے 7 بہترین جنگی طیارے مار گرائے، کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی ہے۔

شہباز شریف نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں امن کےلئے کردار ادا کیا، بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کےساتھ کھڑے ہونے پر آذربائیجان اور ترکیے کا شکر گزار ہوں، معرکہ حق کی کامیابی کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت اہمیت کاحامل ہے، آذربائیجان کی فتح کشمیر اور غزہ کے لوگوں کےلئے مشعل راہ ہے جو آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، آذربائیجان کے غیور عوام نے دشمن سے اپنی آباواجداد کی سرزمین واپس چھین لی، صدر الہام علیوف کی سربراہی میں کاراباغ میں بحالی کے کام بے مثال ہیں۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرانے اور پاک افغان مذاکرات کی میزبانی پر ترک صدر طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا جنگ میں جاں بحق ہونےوالے آذربائیجانی فوجیوں کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم نے کہا ماضی کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی ہے۔

قبل ازیں آذربائیجان کے یوم فتح کی پروقار تقریب میں باکو کی فضا پاکستانی قومی ترانے سے گونج اٹھی، وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی، پاک فوج کے خصوصی دستہ نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آذری صدرالہام علیوف نے کہا تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ترکیہ اور پاکستان نے جس طرح ساتھ دیاکبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا، وزیراعظم شہباز شریف کے آذربائیجان سے اظہار یکجہتی پر مشکور ہوں، شوشا شہر کی آرمینیا سے آزادی عظیم فتح ہے، آذربائیجان کی افواج نے میدان جنگ میں اپنا لوہا منوایا،آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کےتعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں،اتحاد قومی سرمائے سے کم نہیں۔

ترکیہ کے صدر طیب اردگان نے کہا آذربائیجان کے یوم فتح کی 5ویں تقریب میں شرکت پر خوشی ہے، آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اتحاد اور یکجہتی سے آگے بڑھتے رہنا ہے، ہم 3 ملک ایک خاندان کی مانند ہیں، پاکستان، ترکیے اور آذربائیجان کا اتحاد مزید مضبوط ہوگا، کاراباخ کی فتح سے ناانصافی کے ایک دور کا خاتمہ ہوا، امن معاہدہ آذربائیجان اور آرمینیا کی قیادت کی دانشمندی کا ثبوت ہے۔