پنجاب میں بزنس آن لائن،ریلیف سمیت ہر سہولت دینگے،مریم نواز
لاہور:(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین کے نمایاں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں چینی سرمایہ کاروںنے پنجاب میں انویسٹمنٹ کےلئے گہری دلچسپی کا اظہارکیا،وزیراعلیٰ نے چینی وفد میں خواتین سرمایہ کاروں کو دیکھ کر مسرت کااظہار کیا۔
مریم نواز نے چینی سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہترین پوٹینشل موجود ، پنجاب میں پہلی مرتبہ زیروٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے، زیروٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف کرانے کا مقصد سرمایہ کاروں کی بھرپورمعاونت اور حوصلہ افزائی ہے، پنجاب سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے بہترین دور سے گزررہا ہے،پنجاب کے انڈسٹریل زون اور انڈسٹریل پارک سرمایہ کاری کےلئے بہترین پوٹینشل رکھتے ہیں، سرمایہ کاروں کےلئے ٹیکس ہالی ڈے اور ڈیوٹی امپورٹ ریلیف بھی دیا جائےگا، انفراسٹرکچر ، آئی ٹی سیکٹر اور میڈیکل ٹورازم کے شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کےلئے بہترین ہیں، گزشتہ سال دورہ چین کے بعد میڈیکل اور دیگر شعبوں میں جدت متعارف کرا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں رئیل اسٹیٹ انفراسٹرکچر سرمایہ کو جلد منافع میں بدل سکتا ہے، روڈا کا پراجیکٹ انفراسٹرکچر کے لحاظ سے ایک مثال ہوگا،پنجاب میں پہلی مرتبہ 10ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گھر بنا کر مثال قائم کر دی، ٹورازم میں ترقی کی وجہ سے سیاحوں کےلئے مزید معیاری ہوٹلوں کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے، پنجاب میں پہلی مرتبہ گلاس ٹرین اور ہائی سپیڈ ٹرین متعارف کرانے جارہے ہیں، سب سے بڑے میڈیکل ڈسٹرکٹ کے قیام کےلئے بہت بڑا خطہ مختص کیا گیا ، پنجاب میں بزنس آن لائن ہے، فائل اور پیپر نہیں آج اپلائی کریں اور کل سے شروع کریں۔
مزید بر آں وزیراعلیٰ مریم نواز سے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرزنے ملاقات کی ، ملاقات میں عوامی مسائل ، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اس موقع پر مریم نواز کے خصوصی پراجیکٹس کو سراہا گیا، پارلیمنٹرینز نے وزیرآباد اور میانوالی میں گرین بس پراجیکٹ کے آغاز پر خصوصی طور شکریہ ادا کیا، وزیرآباد کے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو سراہا، پارلیمنٹرینز نے صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال پر وزیراعلیٰ کےساتھ ہمقدم چلنے کا عہدبھی کیا، پارلیمنٹرینز نے صوبے میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کےلئے ای بز پورٹل لانچ کرنے پر مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا،ارکان پارلیمنٹ نے نجی املاک پر ناجائز قبضے ختم کرانے کےلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کے تاریخی اقدام کو سراہا۔
مریم نواز نے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام کی خدمت ہی ن لیگ اور قائد نواز شریف کا منشور ہے، کسان کارڈ ، گھر کی دہلیز تک فری میڈیسن پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبے ترقی اور خوشحالی کےلئے کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں،پنجاب میں پہلی مرتبہ 30لاکھ افراد کو 10ہزار روپے کا پے آرڈر گھر کی دہلیز پر پہنچایا گیا، صوبے بھر میں 15لاکھ افراد کو راشن کارڈ کے ذریعے3000 روپے ماہانہ مل رہے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30اجلاس میں شرکت کےلئے روانہ ہو گئیں، مریم نواز کوپ 30اجلاس میں پنجاب کے فلیگ شپ پراجیکٹس پر بریفنگ دینے کیساتھ ستھرا پنجاب اور ای موبلٹی کے بارے میں شرکا کو آگاہ کریں گی، وزیراعلی مریم نواز کلائمیٹ ریزیلینٹ ریجنل لیڈرشپ کے اجلاس سے خطاب کریں گی، کوپ30اجلاس کے شرکا کو پنجاب میں وائلڈ لائف ریفارمز کے بارے میں آگاہ کیا جائےگا، وزیراعلیٰ مریم نواز بیلم میں کوپ 30کانفرنس کے دوران اہم اور نمایاں شخصیات اور رہنماں سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔

















