ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ فی الوقت سموگ انسانی صحت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا رہی ہے اس لئے سموگ کے اثرات کو کم کرنے کیلئے تمام محکمے متحرک ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے نقصانات بارے عوام کی آگاہی کیلئے تمام ذرائع استعمال کئے جائیں۔وہ یہاں اپنے دفتر میں منعقد ڈویژنل سموگ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر عروشہ مقبول سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ساہیوال شہر میں ٹریفک کی روانی کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے اور شہری ہیلپ لائن 1373 پر اپنی شکایت درج کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں پر ترپال ڈالنا یقینی بنایا جائے اور دھواں چھوڑنے والی نجی گاڑیوں کی فٹنس کو بھی مانیٹر کیا جائے۔انہوں نے سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان کو شہر میں جگہ جگہ موجود ملبے کے ڈھیر فوری اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر عروشہ مقبول نے بتایا کہ 29 اکتوبر سے 4 نومبر تک 179 بھٹہ خشت کی چیکنگ کی گئی اورمختلف خلاف ورزیوں پر 32 مقدمات درج کرائے گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ پچھلے سال کی نسبت مونجی کی باقیات جلانے کے واقعات 40 فیصد کم ہوئے۔ کمشنر ڈاکٹرآصف طفیل نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف ددرج مقدمات کی مکمل پیروی بھی کی جائے۔
سموگ کے نقصانات بارے عوامی آگاہی کیلئے تمام ذرائع استعمال کئے جائیں:کمشنر ساہیوال
















