پاکستانی خواتین سے شادی کرنےوالے افغانیوں کو شہریت دینے کا فیصلہ معطل


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے پاکستانی خواتین سے شادی کرنےوالے افغان شہریوں کو شہریت دینے کا فیصلہ معطل کردیا۔

افغان شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ کے اجرا کے معاملے کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد نے موقف اپنایا یکم دسمبر 2023 کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف وفاق نے اپیل دائر کر رکھی ہے، ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا اگر کوئی مرد افغان شہری پاکستانی خاتون سے شادی کرے تو پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) اور شہریت دی جائے تاہم حکومت کو شہریت دینے والے حصے پر اعتراض ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا شہریت کس بنیاد پر دی جا سکتی ہے اور کل کتنے درخواست گزار ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہااب تک 117 درخواست گزار سامنے آئے،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے یہ تو وہ ہیں جو سامنے آگئے ،وکیل نادرا نے موقف اپنایا پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کےلئے ویلڈ ویزا کی شرط بھی ہے، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے دیکھنا ضروری ہے کوئی شخص دیوار پھلانگ کر آیا یا دروازے سے داخل ہوا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی جا رہی ہیں،سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا اور مزید سماعت ملتوی کر دی۔