میٹروپولیٹن کارپوریشن، کرپٹ افسران کو بچانے کی کوشش

لاہور (نوید چودھری) میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی منٹگمری میں واقع قیمتی سرکاری اراضی پر قبضے کی سہولت کاری میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف تیار کی گئی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے برعکس چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے جس سے معاملہ انتہائی متنازع شکل اختیار کر گیا ہے۔ رپورٹ میں جن افسران کو واضح طور پر ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، انہی کے نام چارج شیٹ سے نکال دینا محکمے کے اندر طاقتور اثر و رسوخ کے استعمال کی نشاندہی کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں اس وقت کے چیف افسر میٹروپولیٹن کارپوریشن علی عباس بخاری کو منٹگمری میں سرکاری اراضی پر قبضے کا سہولت کار قرار دیا گیا تھا۔ اس کے باوجود چارج شیٹ سے نہ صرف ان کا نام خارج کر دیا گیا بلکہ انکے قریبی ساتھیوں، سابق میٹروپولیٹن افسر پلاننگ نیئر ندا ظفر، مصطفی معظم، سابق زونل افسر ریگولیشن داتا زون ریاض احمد گجر اور عامر اختر بٹ کو بھی بری کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علی عباس بخاری جو اس وقت ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ انکوائریز کے عہدے پر تعینات ہیں، نے اپنے سرکاری عہدے اور اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف اپنا نام نکلوایا بلکہ اپنے قریبی افسران کو بھی کارروائی سے بچا لیا۔ اہم امر یہ ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں ان تمام افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی تھی۔ اسکے برعکس چارج شیٹ کا اجرا نہ صرف شفاف احتساب کے عمل پر سوالیہ نشان بن گیا ہے بلکہ یہ پورے کیس کو دبانے کی ایک منظم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے برعکس چارج شیٹ جاری کرنے کے اس معاملے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میاں شکیل کو مبینہ طور پر گمراہ کیا گیا ہے۔ بااثر افسران کے دباو اور اندرونی ملی بھگت کے ذریعے پورے کیس کا رخ ہی تبدیل کردیا گیا۔ محکمہ جاتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے کی شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو منٹگمری کی قیمتی سرکاری اراضی پر قبضے کا یہ کیس بااثر افسران کے حق میں فائلوں میں دفن ہوجائیگا۔ شہریوں اور ایماندار افسران نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کو سامنے لایا جائے اور تمام ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔