سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ کے پی منتخب، حلف برداری کا معاملہ لٹک گیا، انتخاب غیر آئینی ہے:اپوزیشن
پشاور، اسلا م آباد (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لےکر نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہو گئے،نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب کےلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا، اپوزیشن اراکین واک آوٹ کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے ،اسپیکر نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کرنے کی رولنگ دی جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما سہیل آفریدی نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب کرلیے گئے،نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کےلئے 4 امیدوار پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا لطف الرحمن، ن لیگ کے سردار شاہجہان یوسف اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرکمد مقابل تھے،مدمقابل امیدوارکوئی ووٹ نہ لے سکے،سہیل آفریدی نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا میرے خاندان کا کوئی فرد سیاست میں ملوث نہیں ، نہ زرداری، بھٹو یا شریف میرے نام کے ساتھ لگا ہو اہے بلکہ میں نے خود اپنی قابلیت اور محنت سے مقام حاصل کیا ، میرا تعلق قبائلی اضلاع سے ہے، مجھے فخر ہے میں پختون ہوں اور سب سے پہلے پاکستانی ہوں، قبائلی اضلاع ترقی میں پیچھے رہ گئے، اراکین اسمبلی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیا،وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کچھ دنوں سے کہا جارہا ہے بانی کی جیل تبدیل کی جارہی ہے، اعلان کرتا ہوں بانی کی مشاورت بغیر جیل تبدیل کی گئی تو پورا پاکستان جام کردینگے، بدقسمتی سے یس بوس نہ کہنے کے بعدلندن پلان کے مطابق میرے لیڈر کی جمہوری حکومت کو گرایا گیا،اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، ایک وزیر اعلیٰ کے ہوتے ہوئے دوسرے وزیر اعلیٰ کا انتخاب نہیں ہو سکتا، گورنر نے علی امین گنڈا پور کو بلایا ہے تاکہ جو ابہام ہے وہ دور ہو جائے، ہمارے دوستوں کو اتنی کیا جلدی ہے، ان کے پاس نمبرز پورے ہیں تو کیوں معاملے کو متنازع بنا رہے ہیں، غیر قانونی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے،دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے جب تک علی امین کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا وزیراعلی کا انتخاب غیر آئینی تصور ہوگا،گورنر کے پی نے سوال کیا نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوٹیفکیشن کون گرے گا، علی امین گنڈاپور کے استعفے سے مطمئن نہیں ہوں، اطمیناں میرا آئینی حق ہے، علی امین کل میرے پاس آجائیں، انہیں چائے بھی پلاو¿ں گا اور استعفیٰ بھی منظور ہو جائےگا،ادھر پشاور ہائیکورٹ نے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آج تک گورنر خیبرپختونخوا کی رائے مانگ لی،مزید بر آں ن لیگ اور جے یو آئی نے کے پی اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل کو غیر آئینی قرار دیدیا،مسلم لیگ ن کے رہنماو¿ں نے فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، امیرمقام، اعظم نذیر تارڑ شریک ہوئے، جے یو آئی کی جانب سے مولانا لطف الرحمن، راشد سومرو، ایم پی اے سجاد خان اور آفتاب شاہ شریک تھے،ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا وزیراعلیٰ کا انتخاب غیرآئینی عمل ہے، خیبرپختونخوا کی اپوزیشن وزیراعلیٰ کے انتخاب کے عمل کو مسترد کرتی ہے، وکلا پینل کے ذریعے عدالت کو درخواست دی جائےگی۔

















