لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت سپیشل ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا،پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر ترین مدت میں خصوصی بچوں کے 5 ہزار سے زائد داخلے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، وزیراعلیٰ نے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نواز نے اجلاس میں واضح فیصلہ کیا غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مکمل طور پر مفت تھراپی اور تعلیم دی جائے ،اس موقع پر خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے ، دنیا بھر سے بہترین ماہرین آٹزم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں مزید 48 نئی بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی،وزیراعلیٰ نے آٹزم سکول کے بچوں، اساتذہ اور سٹاف کےلئے یونیفارم اور ڈیزائن کی بھی منظوری دی،13 رکنی بورڈ آف گورنرز کی تشکیل،آٹزم ریسورس سینٹر کے 3 سالہ سٹریٹجک پلان کی منظوری دی گئی۔
معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا مریم نواز آٹزم سکول میں ایک کسٹمائزڈ ماڈل نافذ کیا جا رہا ہے، جو دنیا کے مختلف ممالک میں رائج کامیاب، ثبوت پر مبنی (Evidence-Based) آٹزم ماڈلزاور بین الاقوامی تحقیقی تجربات کے گہرے مطالعے کے بعد تیار کیا گیا ہے،سکول کےلئے جامع فنکشنل گرین نصاب تعلیم بھی تیار کیا گیا ہے جس میں کمیونی کیشن و لینگویج، لائف سکلز، اسلامی و اخلاقی تعلیم، ٹیکنالوجی، جسمانی تعلیم اور سماجیات شامل ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا پاکستان کے پہلے آٹزم سکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سنسری گارڈن اور ساونڈ تھراپی سینٹرز قائم کیے جائیں گے،یہاں 3 سے 16 سال تک کے بچوں کو داخلہ دیا جائے گا،مریم نواز آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر میں بچے 22 سال کی عمر تک زیر تعلیم و زیر علاج رہ سکیں گے،سکول کےلئے خصوصی ہائبرڈ ماڈل تیار کیا گیا ہے،جس کے تحت بچوں کو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تصویری اور تحریری تھراپی دی جائے گی،بچوں کے والدین کےلئے بھی کوچنگ ماڈیولز تیار کر لیے گئے ہیںتاکہ گھر اورسکول کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کی جا سکے، آٹزم سکول میں بچوں کی سکلز اور حفاظت کےلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ چلڈرن ویلفیئر آفیسرز بچوں کی حفاظت اور فلاح کی براہ راست نگرانی کریں گے، سکول میں ریسرچ اینڈ ٹیچر ٹریننگ ڈویژن بھی قائم ہوگا،جہاں ماسٹر ٹرینرز اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کریں گے، ایک سالہ ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے۔
مریم نواز آٹزم سکول میں مفت تھراپی ، خصوصی بچے ہمت کارڈ پروگرام میں شامل
















