اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے،خبر نگار)پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے ہوں گے،الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنادیا،6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، ممبران نثار درانی، شاہ جتوئی اور بابر حسن بھروانہ نے جاری کیا۔
ای سی پی کے فیصلے میں کہا گیا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2025 کے آخری ہفتے ہوں گے، صوبے میں آج سے حلقہ بندیوں کا آغاز کر دیا جائے، الیکشن کمیشن 2022 کے قانون کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائے گا۔
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات تاخیر کیس پر سماعت کی،دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے کہا ملک کے سب سے بڑے صوبے میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوناصرف الیکشن کمیشن نہیں بلکہ مختلف حکومتوں کیلئے باعث شرمندگی ہے، جتنی حکومتیں آئیں سب کی مرضی نہیں تھی بلدیاتی الیکشن کرایا جائے، پنجاب ،اسلام آباد میں الیکشن نہیں ہوا، وقت آگیا الیکشن کمیشن فیصلہ کرے،اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے الیکشن کا اعلان کر دینا چاہیے، الیکشن کمیشن فیصلہ محفوظ کر رہا ہے اگر اتنے مخالف ہیں تو آئین و قانون میں ترمیم کر دیں مقامی حکومت ہونی نہیں چاہیے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ ڈالی، 5 مرتبہ مقامی حکومت کے قوانین بدلے گئے، چھٹی مرتبہ قانون میں ترمیم ہو رہی ہے، سندھ، بلوچستان، کے پی، کنٹونمنٹ میں بہت کوشش سے بلدیاتی انتخابات کرائے، سب صوبائی حکومتوں نے تاخیر کی اور رکاوٹیں ڈالیں،پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی مدت 31 دسمبر 2021 کو مکمل ہوگئی تھی،3 مرتبہ حلقہ بندی کی، الیکشن شیڈول کا ایک بار اعلان کیا، مقامی حکومت کا پنجاب کو فیڈ بیک دے کر بھیجا، چیف سیکرٹری نے بتایا تھا پنجاب اسمبلی میں مقامی حکومت نے بل بھیج دیا۔
ڈی جی قانون نے کہا 2022 کے رولز کے مطابق اگر ای وی ایم نہ ہو تو بیلٹ پیپرز پر بلدیاتی الیکشن ہو سکتا ہے، الیکشن کے انعقاد میں رکاوٹ نہیں ابھی 2022 کا بلدیاتی حکومت کا قانون موجود ہے، 2022 قانون کے تحت حلقہ بندی پر الیکشن ہو سکتا ہے،ای سی پی حکام کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا تھا بلدیاتی الیکشن میں رکاوٹ کے سنجیدہ نتائج ہوں گے، پنجاب حکومت کی مدت پوری ہوئے 3سال ہو چکے ، 2022 کا قانون ابھی تک ختم نہیں ہوا ،عملدرآمد کر کے معاملات چلانے چاہئیں، پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کی پابند ہے۔
پنجاب حکومت کے حکام نے کہا قائمہ کمیٹی نے 6 اگست کو قانون کلیئر کر دیا پھر سیلاب آگیا اور اسمبلی اجلاس نہیں ہو سکا، کمیشن کے نوٹس پر حکومت کو آگاہ کیا جیسے اسمبلی کا اگلا اجلاس ہوگا قانون منظوری کیلئے پیش کر دیں گے۔
سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا اب پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں پیشرفت کرنی چاہیے، سابقہ قانون کے تحت بلدیاتی الیکشن ہو سکتے ہیں،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا پنجاب میں دسمبر 2025 کے آخری ہفتے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے ہوں گے،الیکشن کمیشن

















