سعودی عرب کےساتھ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے ،کسی تیسرے ملک کیخلاف نہیں،پاکستان
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان نے واضح کیاہے سعودی عرب کےساتھ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے ،کسی تیسرے ملک کیخلاف نہیں،ایک پر حملہ دونوں پر تصور ہوگا۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا پاکستانی عوام کو سرزمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت ہے، پاکستان ،سعودی عرب کے درمیان ہونےوالا معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے ،کسی تیسرے ملک کےخلاف نہیں ، معاہدہ خطے میں امن، سلامتی و استحکام میں اہم کردار ادا کرےگا،پاکستان ،سعودی عرب کی قیادت تعلقات نئی بلندیوں تک لےجانے کا عزم رکھتی ،سٹریٹجک دفاعی معاہدہ دہائیوں پر مشتمل مضبوط شراکت داری کو باضابطہ شکل دیتا ہے،معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کےساتھ مشترکہ سلامتی یقینی بنائے گا،ایک پر حملہ دونوں پر تصور ہوگا۔
شفقت علی خان نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد کی دعوت پر 17 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا، شاندار استقبال کیا گیا ،دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سطح پر مذاکرات ہوئے،1960 کی دہائی سے دفاعی تعاون پاک سعودی تعلقات کا بنیادی ستون رہا ہے اسی سلسلے کے تناظر میں وزیراعظم ،ولی عہد نے سٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا معاہدہ خطے میں امن، سلامتی ،استحکام میں اہم کردار ادا کرےگا، دونوں ممالک کے مشترکہ اعلامیے نے تعلقات کے وسیع تناظرکو واضح کردیا ،معاہدہ مشترکہ سلامتی و دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کا عزم ظاہر کرتا ہے،دونوں ممالک خطے میں امن، سلامتی و استحکام کےلئے پرعزم ہے،پاکستان ،سعودی عرب کے تعلقات بھائی چارے اور تعاون کی منفرد مثال ہیں۔
شفقت علی خان نے کہادوحہ ہنگامی اسلامی سربراہی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت پر غور،وزرائے خارجہ بیٹھک میں مشترکہ اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کرکے اسرائیلی حملے غیر قانونی و بلااشتعال قرار دئیے گئے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ،ثالثی پر قطر کے کردار کو سراہا، پاکستان نے معاملہ انسانی حقوق کونسل جنیوا میں بھی اٹھایا اور فوری بحث کا مطالبہ کیا،بھارت کو چاہیے اپنی فورسز کے نقصانات تسلیم کرے اور الزامات کی سیاست چھوڑے، بھارتی میڈیا کو الزامات کی بجائے قتل و غارت ،دہشتگردی کی بھارتی مہمات پر غور کرنا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان کےخلاف ایٹمی الزامات بھارت کا خود ساختہ ،گمراہ کن بیانیہ ہے، ہمیشہ بھارتی روایتی قوت کو تحمل و ذمہ داری سے روکا ، بھارتی پروپیگنڈا ،اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن و استحکام کےلئے خطرہ ہیں،پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر امن، استحکام ،بامقصد مذاکرات کا خواہاں ہے، جموں و کشمیر سمیت تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہےں۔
شفقت علی خان نے کہا بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی ، تخریب کاری کی سرپرستی سب پر عیاں ہے،بھارت بیرونی سرزمین سے بدامنی پھیلانے سے باز آئے اور اپنے انسانی حقوق کی حالت بہتر بنائے،سیلاب سے متاثرہ گردوارہ کرتارپور صاحب مکمل طور پر بحال و فعال ہے، پاکستان ہر سال دنیا بھر سے آنےوالے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے، بھارت کا یاتریوں کو کرتارپور راہداری کے استعمال سے روکنا افسوسناک ہے،1974 کے پروٹوکول کے تحت پاکستان یاتریوں کو خوش آمدید کہنے کےلئے ہمیشہ تیار ہے، پاکستان نے کبھی کرتارپور راہداری بند نہیں کی، یاتریوں کےلئے بھارتی رویہ رکاوٹ ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا سعودی عرب سے معاہدہ ایک رات میں طے نہیں پایا،کئی ماہ لگے، معاہدہ با ضابطہ طور پر ہمیشہ سے موجود تھا،دیگر ممالک بھی معاہدے کا حصہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا،سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا وہ بھی معاہدے سے خوش ہیں،پاکستان پر پابندیوں کے بعد سعودی حمایت بڑی اہم تھی، ہر مسلمان تو ویسے بھی حرمین شریفین پر قربان ہونے کیلئے تیار ہوتا ہے۔
دریں اثناعرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا سعودی عرب کےساتھ دفاعی معاہدے کی کوئی خفیہ شرائط نہیں، کسی دوسرے ملک نے چاہا تو شامل کرنے پر غور کرسکتے ہیں،دائرہ کار دیگر ممالک تک بھی بڑھ سکتا ہے کیونکہ اپنی سلامتی کےلئے خطے کے ممالک کو میلوں دور کسی دوسرے ملک پر انحصار کرنے کی بجائے خود مختار و باصلاحیت ملک پر بھروسہ کرنا ہوگا جو حقیقی تحفظ فراہم کر سکے۔
خواجہ آصف نے کہا پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں سعودی عرب کےلئے مددگار ثابت ہوں گی، دنیا ایٹمی جنگوں سے محفوظ ہے اور امید ہے آئندہ بھی ایسا ہی رہے گا،پاکستان کیخلاف جارحیت ہوئی تو سعودی عرب دفاع میں مدد کرےگا اگر سعودی عرب کیخلاف جارحیت ہوئی تو پاکستان دفاع میں مدد کرےگا۔
















