عدالتوں سمیت کوئی ادارہ اپنا کام کرنے کے قابل نہیں رہا، جسٹس محسن اخترکیانی


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کا کوئی ایک ادارہ بتائیں جو اپنا کام ہینڈل کرنے کے قابل رہا ہو، عدالتوں سمیت کوئی ایک ادارہ بتا دیں جواپنا کام کرر ہاہو۔

سی ڈی اے کیس کے دوران اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹ انتخابات نہ ہونے پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا قانون کے مطابق تمام اختیارات سی ڈی اے سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو منتقل ہونا تھے جو کچھ سی ڈی اے بورڈ کر رہا ہے لوکل گورنمنٹ کے ادارے کو کرنا تھا،ایک ایک روپے کے استعمال کا اختیار لوکل گورنمنٹ کا ہے،آئین کہتا ہے عوام کے منتخب نمائندے اپنا اختیار استعمال کریں گے، ہائی کورٹ نے 4،سپریم کورٹ نے ایک فیصلہ دیا لیکن حکومت نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دئیے۔

جج اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا مجھے پاکستان کا کوئی ایک ادارہ بتائیں جو اپنا کام ہینڈل کرنے کے قابل رہا ہو ؟عدالتوں سمیت کوئی ایک ادارہ بتا دیں جو وہ کام کر رہا ہو جو کرنا چاہیے تھا،آپ نے ماتحت عدالتوں کی حالت دیکھی ہے؟ کوئی ادارہ اپنا کام کرنے کے قابل نہیں رہا، سپرٹ ہی ختم ہو چکا ، کسی کو احساس ہے 25 کروڑ عوام کس طرح زندگی گزار رہے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا گورننس کے سنجیدہ ایشوز ہیں جو کام عوامی نمائندوں کے کرنے والے تھے وہ عدالتیں کررہی ہیں اگر کسی کو سوٹ کرتا ہو تو کہتے ہیں سسٹم چلتا رہے،قانون کسی کو سوٹ نہ کرے تو ایک طرف رکھ دیا جاتا ہے اب کیونکہ کسی کو سوٹ نہیں کرتا تو 5سال سے لوکل گورنمنٹ کے الیکشن نہیں ہونے دئیے گئے،کیا اسلام آباد کے لوگوں کا حق نہیں منتخب نمائندے فیصلے کریں۔

جج اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کچھ بھی غیر قانونی ہو تو عدالتوں کے پاس جایا جاتا ہے اور اس وقت عدالتوں کی حالت دیکھ لیں جو کچھ عام آدمی کےساتھ ہورہا ہے وہی سب ججوں کےساتھ بھی ہو رہا ہے، بڑی ہی بدقسمتی کی بات ہے جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے اس پر دعا ہی کی جا سکتی ہے، ہر کسی کو اپنا کام کرنا چاہیے، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن بدنیتی نہیں ہونی چاہیے۔