انصاف کے دروازے بند، میرا کمرہ پنجرہ بنا دیا گیا،عمران کاچیف جسٹس کو خط
اسلام آباد،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)انصاف کے دروازے بند، میرا کمرہ پنجرہ بنا دیا گیا،سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس کو ایک او ر خط لکھ دیا۔
علیمہ خان نے کہا خط مختلف مقدمات اور عدالتی نظام کے حوالے سے ہے، خط دینے آئے تاہم سپریم کورٹ پولیس اتھارٹی نے چیف جسٹس کے چیمبر جانے سے روکدیا،پولیس حکام نے موقف اختیار کیا بغیر اجازت کسی کو بھی آگے جانے کی اجازت نہیں، رجسٹرار آفس کے نمائندوں کی اجازت کے بغیر چیف جسٹس کے چیمبر کی طرف نہیں جایا جا سکتا،بعدازاں پارٹی وکیل سردار لطیف کھوسہ نے خط سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا مجھ اوراہلیہ پر انصاف کے دروازے بند ،772 دنوں سے تنہائی کی قید میں ہیں، 9×11 کے کمرے کو پنجرہ بنا دیا گیا ،300 سے زائد سیاسی مقدمات تاریخ میں مثال نہیں رکھتے،اہلیہ بشریٰ کی صحت بگڑ رہی ہے لیکن ڈاکٹر کو معائنہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، تنہائی میں قید رکھنے کےساتھ علاج و کتب تک رسائی سے محروم کردیا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہاخواتین قیدیوں کو ضمانت میں رعایت دینا قانون کا حصہ ہے لیکن بشریٰ کو حق بھی نہیں دیا جا رہا،اہلخانہ ،وکلا سے ملاقات کرائی جاتی ہے نہ ہی بیٹوں سے فون پر بات کرنے کا بنیادی حق دیا جا رہا ہے، قید نہیں بلکہ سوچا سمجھا نفسیاتی تشدد ہے تاکہ عوام کا حوصلہ توڑا جا سکے،ہزاروں کارکن،حامی اب بھی جیلوں میں بند ہیں ،بھانجے حسن نیازی کو فوجی حکام نے حراست میں لےکر اذیت دی ،10 سال قید کی سزا سنائی گئی، بہنوں ،بھانجوں کو بھی ناحق مقدمات ،قید کا سامنا ہے۔
عمران خان نے کہاعدلیہ کو سیاسی جماعت توڑنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی نے 8 فروری 2024 کے انتخابات جیتے لیکن عوامی مینڈیٹ راتوں رات چرا لیا گیا، 26ویں ترمیم انتخابی ڈکیتی کو جائز بنانے کےلئے استعمال ہوئی،القادر ٹرسٹ ،توشہ خانہ مقدمات سماعت کےلئے مقرر نہیں ہو رہے ،بشریٰ و دیگر مقدمات بھی التوا کا شکار ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کو فوری طور پر اہم اپیلوں پر سماعت کی ہدایت دی جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے خط میں موقف اپنایا قانون کی حکمرانی دفن ہو جائے تو قومیں اندرونی زوال کا شکار ہو جاتی ہیں، انصاف بھٹو کیس کی طرح 44 سال بعد نہیں ،وقت پر ملنا چاہئے،بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت ،بشریٰ کو علاج کےلئے ڈاکٹر تک فوری رسائی فراہم کی جائے،عوام سپریم کورٹ کو انصاف کی آخری پناہ گاہ سمجھتے ہیں ،عدلیہ کی خودمختاری بحال ہونی چاہئے۔
دریں اثنا190ملین پاونڈکیس میں عمران ،بشریٰ کی بریت درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ25ستمبر کو سماعت کرےگا۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے عمران خان کی ویڈیو لنک حاضری پر نئے ایس او پیز جاری کر دیئے،عدالتی حکم کے مطابق ویڈیو لنک کارروائی میں کوئی بھی شخص ریکارڈنگ نہیں کر سکے گا،عدالت کے اندر موبائل فون یا دیگر ریکارڈنگ ڈیوائسز لےجانے پر پابندی عائد کردی گئی،کسی نے ریکارڈنگ کی کوشش کی تو فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی جائےگی۔

















