جاپان کیخلاف فتح کی سالگرہ پرتاریخی پریڈ، چین نے دنیا کو اصل طاقت دکھا دی

بیجنگ:(شنہوا) جاپانی جارحیت کےخلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور عالمی انسداد فاشزم جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں تاریخ ساز پریڈ،چین نے دنیا کو اصل طاقت دکھا دی،شہباز شریف سمیت 26ممالک کے رہنماﺅں کی شرکت،مودی کو مدعو نہیں کیا گیا۔

بیجنگ کے تاریخی تیانمن سکوائر پر شاندار فوجی پریڈ میں فضائیہ، بحریہ و بری فوج سے وابستہ مرد وخواتین فوجیوں نے انتہائی چابک دستی سے حصہ لیا اور صدر شی کو ولولہ انگیز انداز سے سلامی پیش کی،فوجی دستوں کے بازو اور قدم اس ہم آہنگی کےساتھ اٹھ رہے تھے عمل روبوٹ بھی انجام دیں تو شاید کہیں غلطی رہ جاتی، چینی فوج کی مہارت پر ہر شخص دم بخود تھا،چینی صدر، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری و مرکزی ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پنگ نے فوجی دستوں کا معائنہ کیا ،حوصلہ بڑھایا۔

چین کے جدید ترین طیاروں نے فلائی پاسٹ بھی کیا،پریڈ میں چین کے جدید ترین بری، بحری اور فضائی فورسز کےلئے تیار نئے ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی،طویل فاصلے تک مارکرنیوالے بین البراعظمی نیوکلیئر ہتھیار بھی شامل تھے، دعویٰ کیا گیا ہتھیار دنیا میں کہیں بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،فوجی دستوں نے چند ہی لمحوں میں ٹینکوں ،میزائل بردار فوجی گاڑیوں میں سوار ہو کر حیرت انگیز انداز سے پوزیشن لینے کا مظاہرہ کیا،فاشزم و جاپان کی جارحیت کیخلاف چینی عوام کی بھرپور مزاحمت کی یادگاری تقریب میں روسی صدر ولادی میرپیوٹن، شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان، وزیراعظم شہباز شریف ،ایران کے صدر پزشکیان سمیت 26 ممالک کے رہنماو¿ں نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے زور دیا فوج کو ورلڈ کلاس ملٹری قوت میں تبدیل کیا جائے، چین کی پیپلزلبریشن آرمی ہمیشہ ہیرو مسلح افواج رہیں گی ،کمیونسٹ پارٹی اور چینی عوام مکمل اعتماد و بھروسہ کریں گے،مسلح افواج کے تمام اراکین یقین محکم کےساتھ اپنا مقدس فریضہ انجام دیں، ورلڈ کلاس ملٹری بننے کا عمل تیز کریں ،ملکی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی استحکام کا پوری توانائیوں کے ساتھ تحفظ کریں۔

شی جن پنگ نے کہا قوم کے تجدید شباب کیلئے مسلح افواج سٹریٹجک سپورٹ فراہم کریں اور دنیا میں امن و ترقی کیلئے وسیع تر خدمات انجام دیں،اقوام تاریخی سانحات کو دوبارہ ہونے سے روکے،چینی قوم کی ترقی و خوشحالی کو نہیں روکا جا سکتا،ایسا عالمی نظام چاہتے ہیں جو انصاف و مساوات پر مبنی ہو ،چین جتنا بھی مضبوط ہوجائے کبھی توسیع پسندانہ راستہ اختیار نہیں کرےگا،تقریب کا باقاعدہ آغاز 80 توپوں کی سلامی سے کیا گیا،تیانمن سکوائرگونج اٹھا۔

قبل ازیں چینی صدر نے جنگ عظیم دوم میں حصہ لینے والے چینی فوجیوں سے ملاقات کی ،خدمات کو سراہا،مہمانوں کے استقبال کے موقع پر چینی صدر شی کی اہلیہ خاتون اول پنگ بھی موجود تھیں، گروپ فوٹو میں وزیراعظم شہباز شریف صف اول میں موجود رہے ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی،حسن اتفاق تھا وزیراعظم شہباز شریف کا جب چینی صدر نے استقبال کیا تو فوری بعد شمالی کوریا کا خیر مقدم کیا ،عالمی رہنما پریڈ کا معائنہ کرنے کےلئے تیانمن روسٹرم کی جانب بڑھے تو سیڑھیاں چڑھتے ہوئے بھی وزیراعظم شہباز شریف ،شمالی کوریا کے رہنما قریب قریب نظر آئے،پریڈ کے اختتام پر 80 ہزار فاختائیں اڑا کر جنگ میں مارے گئے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ،ہزاروں رنگ برنگے غبارے چھوڑے گئے ،ہر شخص کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل گئی،نغمے پیش کرنیوالے ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں قومی پرچم لہراتے رہے۔