لاہور (نوید چودھری) مہنگائی اور بھاری بلوں سے نڈھال شہریوں پر اب ”کوڑا فیس“ کے نام سے نیا مالی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کے تحت صوبائی دارالحکومت میں باضابطہ طور پر ماہانہ فیس عائد کر دی ہے جس پر شہریوں اور تاجروں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ناقدین کے مطابق عوام ٹیکسوں کی مد میں پہلے ہی حکومت کو ادائیگیاں کر رہے ہیں، ایسے میں صفائی کی سہولت کو الگ سے فیس کے ساتھ مشروط کرنا غیر منصفانہ اقدام ہے۔ البتہ حکومتی اور انتظامی موقف اس کے برعکس ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ نیا نظام مالی خود کفالت کی طرف ایک بڑا قدم ہے، جس سے ادارے کو سالانہ اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوگا اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے زیادہ وسائل دستیاب ہوں گے۔ ادارے کے مطابق شہری علاقوں میں پانچ مرلے کے گھر پر 300 روپے، دس مرلے تک 500 روپے، ایک کنال پر 1000 روپے اور چار کنال سے زائد جائیداد پر 5000 روپے ماہانہ فیس مقرر کی گئی ہے۔ دیہی علاقوں میں پانچ مرلے پر 200 روپے اور ایک کنال تک 400 روپے وصول کیے جائیں گے۔ اسی طرح تجارتی اداروں میں شہری علاقوں کی چھوٹی دکانوں پر 500 روپے، درمیانی پر 1000 اور بڑے مراکز پر 3000 روپے جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 300، 700 اور 2000 روپے رکھی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر مختلف ٹاو¿نز میں بلز تقسیم کر دیے گئے ہیں جنہیں بینک اور آن لائن ذرائع سے ادا کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایل ڈبلیو ایم سی نے ایل ڈی اے کی تین رہائشی سکیموں ایونیو ون، جوبلی ٹاو¿ن اور موہلنوال میں ڈور ٹو ڈور کلیکشن سروس کیلئے بھی معاہدہ کیا ہے، جہاں شہریوں سے یہی فیس وصول کی جائے گی۔ چنانچہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی نے اس نوعیت کی حکمت عملی اپنائی ہو، ماضی میں بھی ادارے نے ”گاربیج ٹیکس“ کے تحت مالی خود کفالت کیلئے منصوبہ بندی کی تھی جس کا ہدف سالانہ تقریباً 6 ارب روپے ریونیو اکٹھا کرنا تھا۔ اس وقت کے منصوبے کے مطابق متوسط اور امیر طبقات سے فیس لی جانی تھی جبکہ غریب یا کم آمدنی والے علاقوں میں مفت صفائی خدمات دینے کا تصور پیش کیا گیا تھا۔ اب جو حکمت عملی عملی طور پر نافذ کی گئی ہے، وہ اسی سابقہ پلان کا تسلسل ہے یعنی فیس کے ذریعے ریونیو جمع کرنا اور اسے فضلہ مینجمنٹ کے بہتر انتظام پر استعمال کرنا۔ یوں ”کوڑا فیس“ کا نفاذ حکومت کی نظر میں مالی خود انحصاری اور صفائی کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضمانت ہے مگر شہری اسے بڑھتی مہنگائی کے دور میں ایک نیا بوجھ قرار دے رہے ہیں۔ اصل امتحان آنے والے دنوں میں ہوگا کہ آیا یہ پالیسی لاہور کو واقعی ستھرا بنا سکے گی یا عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کریگی۔
مہنگائی، بھاری بلوں سے نڈھال عوام پر ”کوڑا فیس“ کا نیا بوجھ

















