پاکستان شدید موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑے سیلاب کی زد میں ہے :چیف ایگزیکٹو لیسکو

لاہور (اپنے رپورٹر سے) چیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) انجینئر رمضان بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے شدید ترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے جو 1988 کے بعد سب سے بڑا سیلاب ہے۔ دریائے راوی میں اس وقت 2 لاکھ کیوسک سے زائد سیلابی ریلہ پانی کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبکہ قصور میں پہلے ہی سیلاب آ چکا ہے جس کے نتیجے میں لیسکو کی 11 کے وی کی لائن بھی پانی میں ڈوب چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میری پوری ٹیم مکمل طور پر تیار ہیں۔ لیسکو کے تمام ادارے الرٹ ہیں اور ہم عوام کو اس مصیبت کی گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہماری ہر ممکن کوشش ہوگی کہ بجلی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے۔سی ای او لیسکو نے عوام سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناگہانی آفت ہے جو کسی کے بس میں نہیں۔ یہ ایک عارضی وقت ہے، یہ بھی گزر جائیگا۔انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ بارش یا سیلاب کی صورت میں اپنے بچوں اور مال مویشی کو بجلی کے کھمبوں اور پولز سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک، ہمارے محافظوں، اداروں اور عوام کی حفاظت فرمائے۔دوسری طرف دریائے ستلج قصور میں آنے والے حالیہ سیلاب کے پیش نظر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایمرجنسی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں صورتحال بہتر ہوتے ہی بجلی کی بحالی جلد مکمل ہوگی۔سیلاب کے باعث لیسکو قصور سرکل کے مختلف دیہات اور فیڈرز بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں بجلی کی سپلائی کا نظام متاثر ہواہے۔ متاثرہ سب ڈویڑنز میں رورل ایریامیں 11 کے وی ستلج اور چانٹ فیڈر، کھڈیاں نارتھ میں 11 کے وی چبڑ فیڈر اور کنگن پور میں 11 کے وی پلوا فیڈر شامل ہیں۔ ان فیڈرز سے منسلک 30 سے زائد دیہات میں ٹرانسفارمرز اور بجلی کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے اس کے علاوہ مختلف گنجائش کے 40 سے زائد ٹرانسفارمرز بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت 100 سے زائد ٹیوب ویل کنکشنز عارضی طور پر بند کر دئیے گئے ہیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ نے کہا کہ قصور سرکل کے متاثرہ صارفین کو یقین دلاتے ہیں کہ لیسکو کی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی بحالی اور ٹرانسفارمرز کی فراہمی سمیت لائن ڈھانچے کی بحالی کے کام میں دن رات مصروف ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لائن سٹاف اور انجینئرز چوبیس گھنٹے متحرک ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی کا عمل جلد مکمل ہو سکے۔لیسکو ریجنل سٹوراور مرکزی دفاتر سے بھی سامان کی ہنگامی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،عوام سے گزارش ہے کہ وہ صبر و تعاون کا مظاہرہ کریں، انشائ اللّٰہ جلد از جلد بجلی بحال کر دی جائے گی۔