روس یوکرین جنگ بندی کیلئے ٹرمپ ،پیوٹن ملاقات بے نتیجہ


الاسکا :(مشرق نیوز) روس یوکرین جنگ بندی کیلئے ٹرمپ ،پیوٹن ملاقات بے نتیجہ،کوئی اتفاق رائے نہ ہوسکا،دونوں صدور کی ملاقات تقریبا 4 گھنٹے تک جاری رہی، امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی شریک تھے۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں پہلے صدرپیوٹن کو خطاب کرنے کا موقع دیا گیا،ولادیمیر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت تعمیری قرار دیتے ہوئے کہاروس ،امریکہ کی مشترکہ تاریخ کا اہم حصہ الاسکا سے جڑا ہے، ٹرمپ نے پڑوسیوں کی طرح اچھا رویہ اپنایا،یوکرین کی موجودہ صورتحال سانحہ ہے اور روس کیلئے بہت دکھ کا باعث ہے،پائیدار و دیر پا امن کےلئے جنگ کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنا ہوگا،2022 میں ٹرمپ صدرہوتے تو یوکرین میں جنگ کی نوبت نہ آتی، امید ہے ٹرمپ کے ساتھ اتفاق رائے سے امن کی راہ ہموار ہوگی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے مذاکرات کیلئے روسی ہم منصب ،پوری ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاملاقات تعمیری ملاقات رہی، بہت سے معاملات پر پیشرفت اور کئی باتوں پر اتفاق کیا گیا،یوکرین معاملے پر سب سے اہم نکتہ پر اتفاق نہیں کیا جاسکا تاہم عین ممکن ہے یوکرین کے معاملے پر روس سے سمجھوتہ ہوجائے۔

بعدازاںڈونلڈ ٹرمپ نے الاسکا سے واپسی پر یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی کو فون کیا ،طویل گفتگو کی گئی،امریکی صدر نے کہاروسی صدر پیوٹن جنگ بندی نہیں بلکہ مکمل امن معاہدہ چاہتے ہیں،یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا وہ پیر کو واشنگٹن ڈی سی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔