راولپنڈی:(بیورورپورٹ)آواران میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 3دہشتگرد جہنم واصل،میجر سید رب نواز وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر 16 جولائی کو ضلع آواران میں دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایاگیا،3بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک،شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید رب نواز طارق دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، شہید میجر فرنٹ لائن سے دستے کی قیادت کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہاملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ،بہادر سپاہیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) کےخلاف کامیاب آپریشن کرکے بدنام زمانہ دہشتگرد حمید کو جہنم واصل کر دیا،حمید پاکستان میں ہونےوالے متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث ، بھارتی خفیہ اداروں کی مالی، تکنیکی و انٹیلی جنس معاونت حاصل تھی۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت و درست کارروائی کے نتیجے میں نہ صرف بڑا خطرہ ختم ہوا بلکہ ایک اور خارجی منصوبہ بھی ناکام بنا دیا گیا،حمید کی ہلاکت کے بعد خاندان نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا، والد نے دوٹوک الفاظ میں کہا حمید کااقدام عقیدے، اسلام اور انسانیت کے سراسر خلاف ہے، حکومت سے درخواست کرتا ہوں لاش کو ختم کر دے،بھائی نے کہا حمید کے حملے اسلامی تعلیمات اور انسانی اقدار کے برخلاف تھے، کسی کارروائی کے حمایتی نہیں۔
آواران میں آپریشن ، بھارتی حمایت یافتہ 3دہشتگرد جہنم واصل، میجر رب نواز وطن پر قربان
















