ساہیوال (چوہدری اشرف سے) ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن ساہیوال ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی کا بارش کے دوران نکاسی آب کا ہنگامی دورہ۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے علی مسجد سے ضلع کچہری تک نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بارش کے دوران مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔انہوں نے سڑک کے اطراف، گلیوں اور نشیبی مقامات پر جاکر خود بارش میں بھیگ کر نکاسی آب کے نظام کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن آصف طفیل کی ہدایت پر تمام متعلقہ افسران کو مختلف علاقوں میں ڈیوٹیاں سونپی گئی تھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ شکایت یا رکاوٹ کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ایڈیشنل کمشنر نے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے نکاسی آب سے متعلق مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اوّلین ترجیح اور تمام مشینری و عملہ ہائی الرٹ پر ہے۔ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران نکاسی آب کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔
بارش کے پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں: ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی

















