خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب، امت مسلمہ کےلئے دعائیں

مکہ مکرمہ:(نمائندہ خصوصی)خانہ کعبہ کو سالانہ غسل دینے کی روح پرور تقریب ، خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔

تقریب میں گورنر مکہ مکرمہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی، سعودی شاہی خاندان، آئمہ حرمین دیگر اعلیٰ حکام اور مختلف ممالک کے سفرا بھی شریک ہوئے۔

بابرکت موقع پر خانہ کعبہ کے اندرونی فرش اور دیواروں کو 40 لٹر آب زم زم اور عرق گلاب سے دھویا گیا،غسل کے بعد خالص عود و دیگر قیمتی خوشبووں سے بیت اللہ کو معطر کیا گیا،شرکاءنے نوافل ادا کیے ،امت مسلمہ کےلئے خیر، امن اور اتحاد کی دعائیں مانگیں۔

زائرین کی بڑی تعداد نے مسجد الحرام میں روحانی منظر دیکھا اور ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جو دنیا بھر کے مسلمانوں کےلئے باعث عقیدت بن گئیں۔